قومی شاہراہوں پر سیلابی صورتحال ، موٹروے پولیس کا اعلیٰ سطحی اجلاس، مسافروں کی حفاظت اولین ترجیح قرار

قومی شاہراہوں پر سیلابی صورتحال ، موٹروے پولیس کا اعلیٰ سطحی اجلاس، مسافروں کی حفاظت اولین ترجیح قرار

سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں پر بروقت متبادل راستے فراہم کیے جائیں، آئی جی موٹروے پولیس بی اے ناصر کی ہدایت

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے انسپکٹر جنرل بی اے ناصر کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں قومی شاہراہوں پر سیلاب کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ریجنل اور زونل کمانڈرز سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران شرکاء کو سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔

آئی جی موٹروے پولیس بی اے ناصر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  مسافروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، تاہم افسران اپنی جانوں کی حفاظت کو بھی یقینی بنائیں ، سیلاب متاثرہ شہریوں سے خوش اخلاقی اور شائستگی سے پیش آئیں ، دستیاب وسائل استعمال کرتے ہوئے متاثرین کو خوراک، پینے کا صاف پانی، بنیادی ادویات اور دیگر امدادی سامان فراہم کیا جائے ، سیلاب زدہ علاقوں میں تعینات پیٹرولنگ گاڑیوں میں فرسٹ ایڈ کٹس کی موجودگی یقینی بنائی جائے تاکہ فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے مزید ہدایت دی کہ قومی شاہراہوں پر ٹریفک متاثر ہونے کی صورت میں بروقت متبادل راستوں کی نشاندہی کی جائے ، عوام کو سڑکوں کی بندش، ڈائیورژن اور متبادل راستوں سے متعلق معلومات فوری فراہم کرنے کے لیے تمام ذرائع ابلاغ استعمال کیے جائیں ، سپروائزری افسران متاثرہ علاقوں میں مکمل طور پر متحرک اور موجود رہیں تاکہ صورتحال کی براہِ راست نگرانی کی جا سکے اور ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ اور ہم آہنگی قائم کی جائے تاکہ ریسکیو و ریلیف آپریشنز کو مؤثر بنایا جا سکے۔

اجلاس کے اختتام پر آئی جی موٹروے پولیس نے افسران کے جذبے کو سراہا اور ہدایت کی کہ مشکل حالات میں بھی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں جانفشانی سے ادا کی جائیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ تحفظ اور سہولت فراہم کی جا سکے۔

Comments are closed.