ملکی ترقی کے لیے بلوچستان کے شہریوں کے ساتھ ملکر آگے بڑھنا ہوگا ، وزیراعظم

ملکی ترقی کے لیے بلوچستان کے شہریوں کے ساتھ ملکر آگے بڑھنا ہوگا ، وزیراعظم

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے لیے بلوچستان کے شہریوں کے ساتھ ملکر آگے بڑھنا ہوگا اور سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

بلوچستان ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کے دوران شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے بلوچستان کو بے شمار قدرتی وسائل سے نوازا، افسوس بلوچستان کی دولت اب بھی زمین کے اندر دفن ہے، بلوچستان کی تاریخ، ثقافت اور روایات اسے منفرد بناتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچ رہنماؤں نے رضاکارانہ طور پر پاکستان سے الحاق کا تاریخی فیصلہ کیا تھا، بلوچستان کے عوام ہمیشہ سے کشادہ دل اور مہمان نواز ہیں، بلوچستان میں مختلف برادریوں کے درمیان دیر پا ہم آہنگی قائم رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی جغرافیائی ساخت ترقی کے سفر میں چیلنج بن گئی، صوبے میں دور دراز آبادیوں تک بجلی اور سڑکوں کی فراہمی بڑا مسئلہ ہے جب کہ سڑکوں کے مضبوط نیٹ ورک کے بغیر تعلیم اور صنعت کی ترقی ممکن نہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی ملک کی مجموعی خوشحالی سے جڑی ہے، گزشتہ دہائیوں میں بلوچستان کو نظر انداز کرنا خود احتسابی کا لمحہ ہے جب کہ وفاق کی روح باہمی قربانی اور بھائی چارے میں پوشیدہ ہے، پنجاب نے 2010 کے این ایف سی ایوارڈ میں تاریخی قربانی دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم پہلے پاکستانی اور بعد میں صوبوں کے مکین ہیں، ہمیں وعدہ کرنا ہوگا کہ ملکر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے جب کہ بلوچستان کے عوام ہمارے بھائی، ملکی ترقی کے سفر میں شریک ہونا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک سے 2018 میں دہشت گردی کا خاتمہ کردیا تھا لیکن اب بلوچستان اور دیگر علاقوں میں دہشت گردی دوبارہ سر اٹھارہی ہے، فورسز روزانہ امن کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہی ہیں۔

Comments are closed.