سابق سیکرٹری ٹریفک حادثہ میں جاں بحق

مظفرآباد ( زورآور نیوز ) مسلم لیگ ن کے مینارِ پاکستان جلسے سے واپسی پر سابق سیکریٹری ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔معلومات کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر مینار پاکستان پر مسلم لیگ ن کے جلسے میں شرکت کے لیے لاہور جانے والے آزاد کشمیر کے قافلے میں شامل گاڑی اسلام گڑھ کے قریب پہنچ کر ٹریفک حادثے کا شکار ہوئی، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جس کے بعد گاڑی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں سابق سیکرٹری حکومت ڈاکٹر راجہ محمود الحسن جاں بحق ہوگئے۔گزشتہ روز سابق وزیراعظم نوازشریف کے استقبال کے لیے کراچی سے لاہور جانے والے ٹرین قافلے میں سوار ن لیگی کارکن کا بھی انتقال ہوگیا تھا، متوفی کارکن کی شناخت 60 سالہ کرامت کے نام سے ہوئی، جو صوبہ سندھ کے شہر محراب پور جنکشن کے قریب ٹرین میں اچانک طبیعت بگڑنے کے باعث انتقال کرگیا، متوفی کرامت شہباز گوٹھ سپر ہائی وے کراچی کا رہائشی تھا، جس کی لاش ایمبولینس کے ذریعے کراچی روانہ کردی گئی۔بتاتے چلیں کہ سابق وزیراعظم نوازشریف 4 سال بعد پاکستان واپس آ گئے ہیں، اے ٹی سی کی جانب سے طیارے کو لینڈنگ کے لیے گرین سگنل دیا گیا، جس کے بعد نوازشریف کا طیارہ اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈ کیا، اسلام آباد ایئر ٹریفک کنٹرول نے نواز شریف کے طیارے کو خوش آمدید کہا، سابق وزیراعظم نواز شریف کی امیگریشن کا عمل مکمل کیا گیا اور نواز شریف کے پاسپورٹ پر پاکستان داخلے کی مہر لگا دی گئی۔معلوم ہوا ہے کہ نوازشریف نے ائیرپورٹ پر اپنی قانونی ٹیم سے ملاقات کی، نوازشریف نے اس موقع پر سینیٹر اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی، نواز شریف نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواست پر دستخط کیے، اس کے بعد ان کی اسپیشل پرواز نے لاہور کے لیے اڑان بھری اور کچھ ہی دیر بعد سابق وزیراعظم نوازشریف کو لانے والا خصوصی طیارہ لاہور میں لینڈ کر گیا، جہاں سے وہ ہیلی کاپٹر میں سوار ہوکر لاہور کے شاہی قلعہ پہنچے اور وہاں سے انہیں گاڑی میں مینارپاکستان جلسے میں لایا گیا جہاں انہوں نے شرکاء سے خطاب کیا۔

 

Comments are closed.