جنرل ساحر شمشاد کی بنگلہ دیشی عسکری قیادت سے ملاقات، دفاعی تعاون کے فروغ پر اتفاق

جنرل ساحر شمشاد کی بنگلہ دیشی عسکری قیادت سے ملاقات، دفاعی تعاون کے فروغ پر اتفاق

راولپنڈی

شمشاد مانگٹ

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے دورہ بنگلہ دیش کے دوران چیف ایڈوائزر محمد یونس اور بنگلادیش کی فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان سے ملاقات کی اور دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

پیر کو پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ دونوں ممالک نے عسکری تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

گزشتہ سال اگست میں عوامی تحریک کے نتیجے میں شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے پاکستان اور بنگلادیش کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس کے باعث تجارت اور دوطرفہ روابط میں اضافہ ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے سرکاری دورۂ بنگلادیش کے دوران چیف ایڈوائزر محمد یونس، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد نازم الحسن، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل حسن محمود خان اور آرمڈ فورسز ڈویژن کے پرنسپل اسٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم کامرول حسن سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک نے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون میں بہتری کے حوالے سے امید ظاہر کی اور عسکری سطح پر تعلقات اور مشترکہ اقدامات کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں بدلتی ہوئی علاقائی و عالمی صورتِ حال اور سیکیورٹی کے چیلنجز پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، اور اس بات پر اتفاق ہوا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اس موقع پر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاکستان کی جانب سے بنگلادیش کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ان تعلقات کو باہمی احترام اور خودمختار مساوات کی بنیاد پر مزید گہرا کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سلہٹ میں اسکول آف انفینٹری اینڈ ٹیکٹکس کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے اساتذہ اور طلبہ سے ملاقات کی، بنگلادیش کی سول و عسکری قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو سراہا۔

سناکونجو پہنچنے پر جنرل مرزا کو ایک چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جس کے بعد انہوں نے شِکھا انیربان پر پھول چڑھائے۔

واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں بنگلادیش کے پی ایس او لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم کامرول حسن نے راولپنڈی میں آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی تھی، اس ملاقات میں دونوں ممالک نے اس بات پر زور دیا تھا کہ وہ ایک ایسی پائیدار شراکت داری قائم کریں جو بیرونی دباؤ یا اثرات کے باوجود مضبوط اور مستحکم رہے۔

Comments are closed.