انشاءا للہ الیکشن 8فروری کو ہی ہونگے،سپیکر

اسلام آباد(زورآور نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ اچھا گمان رکھیں ، الیکشن 8 فروری کو ہو جائیں گے۔انہوں نے برطانوی میڈیا کوانٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے علاوہ کوئی راستہ نظر نہیں آتا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن میں سب کو برابری کی بنیاد پر موقع ملنا چاہئے۔کسی جماعت کے الیکشن لڑنے پر قدغن نہیں ہونی چاہئیے۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ امکان ہے الیکشن کے بعد ن لیگ اور پیپلز پارٹی مخلوط حکومت بنائیں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے یہ بھی کہا کسی کو دو تہائی اکثریت ملتی ہے تو وہ اٹھارویں ترمیم میں تبدیلی کر سکتا ہے۔جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پنجاب سے 120 سیٹیں جیتنے کے دعویدار الیکشن کا انتظار کریں۔
انہوںنے کہاکہ انشاء اللہ فروری کے انتخابات میں پیپلز پارٹی جیت حاصل کرے گی،بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے، انتخابات کے بعد اتحادیوں سے ملکر نمبر گیم پوری کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ سی پیک منصوبے کا آغاز سابق صدر آصف علی زرداری کی کوششوں سے ہوا ،سات دسمبر سے بلاول بھٹو زرداری پھر خیبرپختونخواہ کا رخ کریں گے ،اس کے بعد بلاول بھٹو زرداری پنجاب میں داخل ہوں گے ۔انہوںنے کہاکہ پیپلزپارٹی کی پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی سیاسی جماعتوں سے رابطے کے لیے بنائی گئی کمیٹیوں کا اجلاس ہوا ،ٹی آروز بنا کر قیادت کو منظوری کے لئے بھیج دیئے ہیں ،پیپلزپارٹی انتخابات اپنے منشوراور نظریے پر لڑے گی ۔ انہوںنے کہاکہ بعض حلقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات ہو سکتی ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ امید ہے الیکشن کمیشن اور نگران حکومت صاف شفاف انتخابات کرائے گی ۔انہوںنے کہاکہ صاف شفاف الیکشن وقت کی ضرورت ہیں ،(ن )لیگ نے ہمیشہ اداروں کو سیاست میں گھسیٹا ۔

 

Comments are closed.