گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا علی امین گنڈاپور کے استعفیٰ کی منظوری میں آئین و قانون کی مکمل پاسداری کا اعلان
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے استعفیٰ کی منظوری میں وہ آئین و قانون کی مکمل پاسداری کریں گے۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ پر پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ تحریک انصاف کے وفد میں ارکان قومی اسمبلی اسد قیصر، عاطف خان، علی اصغر خان جدون، جنید اکبر اور ڈاکٹر امجد خان شامل تھے جبکہ پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملاقات کے دوران تحریک انصاف کے وفد نے خیبرپختونخوا میں وزیراعلیٰ کے انتخاب سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے گورنر سے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ جمہوری روایات کی پاسداری کرتی رہی ہے اور وزیراعلیٰ کے انتخابات میں بھی ان کی مکمل معاونت کی توقع رکھتے ہیں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر کہا کہ اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کے ساتھ صوبے کی ترقی کے لیے آگے بڑھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں پائیدار امن قائم کرنے اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے پیپلزپارٹی کو جمہوریت کی مضبوطی اور جمہوری روایات کی علمبردار جماعت قرار دیا۔
واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور کے استعفے کے بعد خیبرپختونخوا میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کا عمل کل متوقع ہے، تاہم گورنر نے اب تک ان کا استعفیٰ منظور نہیں کیا ہے۔
Comments are closed.