گوجرانوالہ ، المناک ٹریفک حادثہ ، ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق، 3 زخمی

گوجرانوالہ میں المناک حادثہ: ٹرک اور ہائی روف میں تصادم، ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق، 3 زخمی

گوجرانوالہ

پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں قلعہ دیوان سنگھ کے قریب ٹرک اور ہائی روف میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ ہائی روف بری طرح تباہ ہو گئی۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار ٹرک نے مخالف سمت سے آنے والی ہائی روف کو ٹکر مار دی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال (ڈی ایچ کیو) گوجرانوالہ منتقل کر دیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 55 سالہ نسرین، 45 سالہ رخسانہ، 20 سالہ آمنہ، 13 سالہ اذان، 60 سالہ امجد اور 25 سالہ جبران شامل ہیں۔
زخمیوں میں 55 سالہ مجیدہ بی بی، 30 سالہ شبانہ اور 25 سالہ انم شامل ہیں جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا خاندان مختار کالونی جناح روڈ، گوجرانوالہ کا رہائشی تھا اور وہ خاندانی دورے سے واپس آ رہا تھا۔

پولیس نے جائے حادثہ کا معائنہ کرتے ہوئے شواہد جمع کر لیے ہیں، جبکہ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ غفلت، تیز رفتاری اور غلط اوورٹیکنگ کے باعث پیش آیا۔

Comments are closed.