یاسین ملک کی رہائی کے لیے راولا کوٹ سے سیز فائر لائن تک تاریخی مارچ

یاسین ملک کی رہائی کے لیے راولا کوٹ سے سیز فائر لائن تک تاریخی مارچ، تتری نوٹ پر احتجاجی مظاہرہ آج ہوگا

راولا کوٹ

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کی جانب سے تنظیم کے سربراہ اور اسیرِ وطن یاسین ملک کی رہائی کے مطالبے کے سلسلے میں آج ایک منفرد اور تاریخی احتجاجی مارچ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

یہ مارچ راولا کوٹ کے مقام “سہر کراس” سے شروع ہو کر لائن آف کنٹرول (سیز فائر لائن) پر واقع مرکزی اور علامتی مقام تتری نوٹ تک پیدل کیا جائے گا۔ مارچ کی قیادت نوجوان مزاحمتی رہنما امان کشمیری کریں گے۔

یہ احتجاج یاسین ملک کی سات سالہ اسیری کے دوران پہلا ایسا بڑا عوامی مظاہرہ ہے جس میں جے کے ایل ایف اور دیگر آزادی پسند حلقے بھرپور شرکت کر رہے ہیں ۔ شرکاء کا مطالبہ ہے کہ تہاڑ جیل دہلی میں قید یاسین ملک کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور انہیں بابائے قوم مقبول بٹ کی طرح کسی انتقامی کارروائی کا نشانہ نہ بنایا جائے۔

مظاہرین نے واضح کیا ہے کہ یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، شیخ نذیر، ظہور بٹ، بلال صدیقی، سلیم نِنھاجی، یاسین بٹ اور دیگر اسیرانِ حریت کو بھارتی جیلوں میں قید رکھنا انسانی حقوق اور اخلاقی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

علاوہ ازیں، 30 اگست کو پونچھ میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاج کا اعلان بھی کیا گیا ہے، جو تہاڑ جیل میں قید کشمیری اسیران سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر منایا جائے گا۔ آزادی پسند اتحاد نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس احتجاج میں بھرپور شرکت کر کے اپنے جذبہ حریت کا عملی مظاہرہ کریں۔

Comments are closed.