ٹرافی چاہیے تو دفتر آکر لے جائیں، محسن نقوی کا بی سی سی آئی کو دو ٹوک جواب 

ٹرافی چاہیے تو دفتر آکر لے جائیں، محسن نقوی کا بی سی سی آئی کو دو ٹوک جواب 

ایشیا کپ کی اختتامی تقریب میں بدتمیزی پر گرما گرم اجلاس

دبئی

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے اجلاس کے دوران پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈز آمنے سامنے آ گئے، جہاں بھارتی بورڈ کی جانب سے مسلسل ایشیا کپ ٹرافی کے حصول پر اصرار کیا گیا، جس پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اور اے سی سی کے صدر محسن نقوی نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ اگر ٹرافی چاہیے تو سوریا کمار یادیو اے سی سی کے دفتر آکر خود لے جائیں۔

ذرائع کے مطابق دبئی میں ہونے والے اے سی سی اجلاس میں بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے بار بار ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی مانگنے کا مطالبہ کیا، جس پر محسن نقوی نے واضح کیا کہ یہ معاملہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہی نہیں تھا اور ٹرافی فائنل کے موقع پر اسٹیج پر دینے کے لیے اے سی سی صدر خود موجود تھے، مگر بھارتی ٹیم نے ٹرافی لینے سے انکار کیا تھا۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ اگر بھارتی کرکٹ ٹیم کو اب ٹرافی لینی ہے تو اے سی سی کے دفتر میں آکر وصول کریں یا باضابطہ تقریب منعقد کرکے حاصل کریں ۔ ان کے اس بیان کے بعد اجلاس میں فضا کشیدہ ہو گئی، جس پر اے سی سی، پی سی بی، بی سی سی آئی، سری لنکن اور افغان کرکٹ بورڈز کو معاملہ سلجھانے کا مشترکہ ٹاسک دے دیا گیا۔

اجلاس میں بھارتی کھلاڑیوں کے نامناسب رویے، خاص طور پر سوریا کمار یادیو کی جانب سے ہاتھ نہ ملانے اور پریس کانفرنس میں سیاست کو کرکٹ میں لانے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں بھارتی کپتان کے رویے کی مذمت کی گئی اور اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کو “ناقابل قبول” قرار دیا گیا۔

یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے ایشیا کپ 2025 کے دوران سوریا کمار یادیو نے پاکستان کے خلاف میچ کے بعد پاکستانی کپتان اور ٹیم سے ہاتھ نہیں ملایا، جسے شائقین اور سابق کھلاڑیوں نے غیر اخلاقی رویہ قرار دیا تھا۔ فائنل کے بعد اختتامی تقریب میں بھی بھارتی ٹیم ٹرافی وصول کرنے اسٹیج پر نہیں گئی، جس پر شائقین کو طویل انتظار کرنا پڑا اور تقریب تاخیر کا شکار ہوئی۔

بھارتی ٹیم کے اس رویے پر خود بھارت کے سابق کپتان کپل دیو اور کوچ روی شاستری نے بھی کڑی تنقید کی۔ کپل دیو نے کہا کہ اگر حکومت نے کھیلنے کی اجازت دی ہے تو پھر ہاتھ نہ ملانا صرف ضد ہے، کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے۔ روی شاستری نے کہا کہ فائنل کے بعد 45 منٹ تک ڈرامہ ہوتا رہا، شائقین اسٹیڈیم میں بیٹھے رہے اور ٹیم اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہی، یہ رویہ کھیل کی توہین ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایشیا کپ 2027 کے میزبان ملک کے طور پر بنگلہ دیش کو منتخب کر لیا گیا ہے۔ اے سی سی کی جانب سے تمام شریک بورڈز کو آئندہ ایسے رویے سے گریز کرنے اور اسپورٹس مین اسپرٹ کو برقرار رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

Comments are closed.