آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت اہم اجلاس ، جرائم کی بیخ کنی، عوامی تحفظ اور نظم و ضبط پر سخت احکامات

آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت اہم اجلاس ، جرائم کی بیخ کنی، عوامی تحفظ اور نظم و ضبط پر سخت احکامات

غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں پر پابندی، غیر قانونی اسلحے کے خلاف کارروائی، ناکس کارکردگی پر شوکاز نوٹس اور اچھی کارکردگی پر انعامات

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

رات گئے انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں افسران کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور جرائم کی بیخ کنی کے لیے نئی حکمتِ عملی مرتب کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کا اولین مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر میں بغیر نمبر پلیٹ اور غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ غیر قانونی اسلحہ اور اسلحے کی نمائش ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ہر قسم کی ہوائی فائرنگ پر بھی سخت کارروائی کا حکم دیا گیا۔

آئی جی نے “نشہ اب نہیں” تحریک کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کی ہدایت کی۔ ساتھ ہی انہوں نے اشتہاری ملزمان، عدالتی مفروران اور عادی مجرمان کی گرفتاری کے لیے فوری اور مربوط کارروائیوں کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی میں قائم ہنچ لیب اور سکائی سافٹ ویئر کی مدد سے جرائم پیشہ گروہوں کی شناخت کر کے ان کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔

اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ کسی بھی ایمرجنسی کال پر ایس ایچ اوز کا ریسپانس ٹائم باقاعدگی سے نوٹ کیا جائے، جبکہ نائٹ پٹرولنگ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے خصوصی ٹاسک دیے گئے۔ عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام افسران کھلی کچہریوں کا انعقاد کریں گے اور کمیونٹی پولیسنگ کے تحت عوام کی فوری داد رسی یقینی بنائیں گے۔ پکار 15، آئی جی شکایات سیل 1715 اور خواتین ہیلپ لائن 1815 پر موصول ہونے والی شکایات کا بھی میرٹ پر فوری ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس کے دوران پولیس کے اندرونی احتسابی عمل کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ آئی جی نے کہا کہ اچھے کام پر انعام اور غفلت پر سزا دی جائے گی۔ ناقص کارکردگی پر ایس ڈی پی او کوہسار، مارگلہ، رمنا اور بارہ کہو کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا جبکہ ایس ڈی پی او شہزاد ٹاؤن اور آئی نائن سے وضاحت طلب کرلی گئی۔ اسی طرح ناقص کارکردگی پر ایس ایچ او آبپارہ، کوہسار، ویمن، رمنا، سبزی منڈی، نون، پھلگراں اور بنی گالہ کو شوکاز نوٹس دیے گئے۔

اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کو انعامات سے نوازا گیا۔ ایس ڈی پی او گولڑہ کو تعریفی خط اور ایک لاکھ روپے انعام دیا گیا جبکہ ایس ایچ او سنبل کو 50 ہزار روپے اور سی سی ون سے نوازا گیا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ربیع الاول کے دوران میلاد النبی ﷺ کے پروگرامز کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں آرگنائزرز سے قریبی رابطہ رکھا جائے گا۔ مزید برآں ڈولفن فورس کے پٹرولنگ پلان کو ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کی مشاورت سے تیار کیا جائے گا اور اس کی کارکردگی کا ہفتہ وار جائزہ خود آئی جی اسلام آباد لیں گے۔

آخر میں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ہدایت دی کہ تمام افسران خدمتِ خلق کے جذبے کے تحت اپنے فرائض سرانجام دیں اور عوام کو پولیس سے متعلقہ سہولیات مؤثر انداز میں فراہم کریں تاکہ اسلام آباد کو ایک محفوظ اور پرامن شہر بنایا جا سکے۔

Comments are closed.