عمران خان نے تمام آفرز مسترد کر کے حقیقی آزادی کا علم بلند کیا ہے، اسد قیصر

عمران خان نے تمام آفرز مسترد کر کے حقیقی آزادی کا علم بلند کیا ہے، اسد قیصر

نواز، شہباز اور زرداری مافیا چینی اسکینڈل اور جعلی مینڈیٹ کے ذریعے قوم کو لوٹ رہے ہیں، پی ٹی آئی رہنما کا صوابی میں احتجاجی جلسے سے خطاب

صوابی 

ولی الرحمن

پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے آج صوابی میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو جیل میں مختلف آفرز دی گئیں، جن میں بنی گالا، نتھیا گلی اور بیرونِ ملک جانے کی سہولت شامل تھی، مگر عمران خان نے تمام آفرز ٹھکرا کر واضح پیغام دیا کہ مسئلہ محض رہائی کا نہیں بلکہ حقیقی آزادی کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف عوامی مینڈیٹ سے نہیں بلکہ فارم 47 کے ذریعے اقتدار میں آئے۔ انہوں نے چینی اسکینڈل میں اربوں روپے کمائے اور اب ایک بار پھر چینی کی امپورٹ کے ذریعے کرپشن کا نیا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ ہم نے اس سلسلے میں چیف جسٹس سے شفاف انکوائری کی درخواست دی ہے تاکہ عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری نے کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں اور یہ دونوں پارٹیاں صرف ذاتی مفادات کے لیے اقتدار میں آتی ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے خیبر پختونخوا میں جاری لوڈشیڈنگ کو “عوام کے خلاف انتقامی کارروائی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے صوبے میں بجلی کی غیرمنصفانہ بندش کے ذریعے عوام کو سزا دی جا رہی ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ عمران خان نے واضح احکامات جاری کیے ہیں کہ خیبر پختونخوا میں کسی بھی قسم کا فوجی آپریشن قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں نہ دھماکے ہوئے نہ امن و امان خراب ہوا، مگر آج ہمیں بارود تھمایا جا رہا ہے، قلم چھینے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے صوبے میں کسی صورت فوجی آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے۔ یہ آزادی کی جنگ ہے جو ہم ہر حال میں لڑیں گے۔

عدالتی فیصلوں پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ عدالتیں آزاد نہیں، انصاف کا خون کیا جا رہا ہے۔ اگر ہمیں اندرونِ ملک انصاف نہ ملا تو ہم عالمی عدالت انصاف کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ 14 اگست کو احتجاج کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا جائے گا جس میں سندھ کا رخ کیا جائے گا۔ اسد قیصر نے کہا کہ ہم پورے ملک کو متحد کریں گے اور ظالم حکومت سے نجات دلائیں گے۔

Comments are closed.