اسلام آباد ( زورآور نیوز ) توہین الیکشن کمیشن کیس میں پیشی کے لیے پی ٹی آئی نے عمران خان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی استدعا کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت ہوئی، اس دوران وکیل چیئرمین پی ٹی آئی نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان جیل میں ہیں پروڈکشن آرڈر جاری کریں تاکہ وہ پیش ہوں۔اس کے جواب میں ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی پہلے الیکشن کمیشن آتے نہیں تھے اب کہا جارہا ہے جیل سے پیش کرنے کا حکم دیں، آپ یہ تو نہیں چاہتے کہ الیکشن کمیشن ان کے پاس چلا جائے؟ ہم چیئرمین پی ٹی آئی پر فرد جرم عائد کردیں گے دفاع میں جو پیش کرنا چاییں آپ کی مرضی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ توہین الیکشن کمیشن کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے وکیل بھی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور بتایا کہ فواد چوہدری بیمار ہیں اس لیے نہیں آئے۔ اس پر سماعت کرنے والے کمیشن نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے رویہ اپنا لیا ہے کہ یہاں پیش نہیں ہوتے، اس پر ہم مناسب آرڈر جاری کریں گے۔ معلوم ہوا ہے کہ سابق وفاقی وزیر اسد عمر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے تو کمیشن ممبران نے کہا کہ ’آپ کے وکیل انور منصور تو یہاں پر پیش نہیں ہوتے‘، اس کے جواب میں اسد عمر نے کہا کہ ’میں آج یہاں خود پیش ہوا ہوں، سماعت چوبیس اکتوبر تک ملتوی کردیں، اس وقت فواد چوہدری کی طبیعت بھی بہتر ہوجائے گی‘، اس بات پر کمیشن ممبر نثار درانی نے کہا کہ ’چوبیس اکتوبر تک فواد چوہدری کی طبیعت ٹھیک ہو جائے گی؟ اس بہانے آپ کی ان سے ملاقات بھی ہوجائے گی‘ بعد ازاں اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف کیس کی سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔
Comments are closed.