دشمن کی جارحیت پر پاک فوج اور عوام سیسہ پلائی دیوار ہیں، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری

دشمن کی جارحیت پر پاک فوج اور عوام سیسہ پلائی دیوار ہیں، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری

مردان

پاک فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی اور فتنۃ الخوارج کے خلاف مؤثر اور جامع اقدامات کیے ہیں، جبکہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کے خلاف پاک فوج اور قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مردان کی مختلف جامعات اور مدارس کے اساتذہ و طلبہ سے خصوصی نشست میں ملاقات کی۔ اس موقع پر عبدالولی خان یونیورسٹی، وومن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور دیگر تعلیمی اداروں کے اساتذہ و طلبہ نے شرکت کی۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے نشست کے دوران معرکۂ حق، حالیہ پاک-افغان تعلقات، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور پاکستان کو درپیش داخلی و خارجی چیلنجز پر تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے قربانیوں اورعزم کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی، اور آج پاکستان پہلے سے زیادہ محفوظ اور مضبوط ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا پاکستان کے دشمن ملک کے امن، ترقی اور استحکام کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں، مگر ہماری بہادر افواج اور عوام ہر محاذ پر متحد ہیں۔ دشمن کی کسی بھی جارحیت پر پاک فوج اور قوم ڈٹ کر جواب دے گی۔

نشست کے دوران طلبہ اور اساتذہ نے پاک فوج اور شہداء پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو نے فوج اور قوم کے درمیان اعتماد کے رشتے کو مزید مضبوط کیا اور کئی غلط فہمیاں دور ہوئیں۔

شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ سوشل میڈیا پر ملک دشمن عناصر کی منفی مہمات کے خلاف نوجوانوں کو آگاہی حاصل کرنی چاہیے، تاکہ ملک کے استحکام اور وحدت کو نقصان نہ پہنچ سکے۔

اساتذہ نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی قربانیاں ملک کے تحفظ اور امن کی ضمانت ہیں، اور اب قوم کی ذمہ داری ہے کہ اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو کر ملک دشمن قوتوں کے عزائم ناکام بنائے۔

Comments are closed.