بھارت کا سفارتی سطح پر پھر رابطہ، دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال سے آگاہ کر دیا

بھارت کا سفارتی سطح پر پھر رابطہ، دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال سے آگاہ کر دیا

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

بھارت نے پاکستان سے سفارتی سطح پر ایک بار پھر رابطہ کر کے پاکستان کو دریائے ستلج میں سیلابی صورت حال سے آگاہ کر دیا۔

اس حوالے سے وزارت آبی وسائل نے انتباہی خط جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا کہ دریائے ستلج میں ہریکے اور فیروز پور کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، جبکہ دریائے توی میں جموں کے مقام پر بھی اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے، اس سے قبل بھارت نے دریائے چناب میں بھی سیلابی صورتحال سے آگاہ کیا تھا۔

وزارت آبی وسائل کی جانب سے 28 اہم محکموں کو بھارت کی جانب سے دی گئی معلومات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 25 اگست کو بھی بھارت نے سندھ طاس معاہدے پر عملدر آمد کئے بغیر پاکستان سے مئی میں ہونے والی جنگ کے بعد پہلی بار سرکاری سطح پر رابطہ کرتے ہوئے دریائے توی میں جموں کے مقام پر سیلاب کی پیشگی اطلاع دی تھی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق بھارت نے دریائے توی میں جموں کے مقام پر ممکنہ بڑے سیلاب سے پاکستان کو آگاہ کیا تھا، سیلاب کی ممکنہ صورتحال سے بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد کی جانب سے آگاہ کیا گیا تھا، حکومت نے بھارت سے موصولہ معلومات کی روشنی میں الرٹ جاری کر دیا تھا۔

Comments are closed.