بھارت پاکستان کو مشرقی اور مغربی دونوں محاذوں پر مصروف رکھنا چاہتا ہے ، خواجہ آصف
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کابل اور نئی دہلی کے ساتھ جاری کشیدگی کے دوران پاکستان کو مشرقی اور مغربی دونوں محاذوں پر مصروف رکھنا چاہتا ہے۔
وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ثبوت کی ضرورت ہے تو وہ ہمارے پاس موجود ہیں کہ بھارت کا پاکستان میں دہشت گردی میں کیا کردار ہے، اور وہ ہمیں دو محاذوں، مشرقی اور مغربی پر مصروف رکھنا چاہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کو مئی کے تصادم میں شکست کے بعد ’خاموش کر دیا گیا‘ ہے، اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ افغانستان کے ساتھ مذاکرات ایک معقول نتیجے پر پہنچیں گے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ سیاست دان، ادارے اور پاکستانی قوم، سب متفق ہیں کہ افغانستان کے مسئلے کا فوری حل ناگزیر ہے اور وہ یہ کہ افغان سرزمین سے دہشت گردی کو مکمل طور پر ختم کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مہذب تعلقات ہی بہترین حل ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان نے گزشتہ روز اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کو جاری رکھا جائے، جو گزشتہ ماہ سرحدی جھڑپوں اور تعلقات میں تیزی سے بگڑاؤ کے بعد عمل میں آئی تھی۔
گزشتہ روز ثالثوں کی موجودگی میں افغانستان کے ساتھ مذاکرات کے دوسرے دور میں تین نکات پر اتفاق ہوا تھا، جن میں جنگ بندی کو جاری رکھنا،امن کے لیے نگرانی اور ویریفیکشن مکینزم قائم کرنا جبکہ خلاف ورزیوں کی صورت میں سزاؤں کا تعین کرنا شامل ہے۔
استنبول معاہدہ کئی دنوں کے ڈیڈلاک کے بعد ممکن ہوا، جس کے دوران عمل تقریباً رک گیا تھا، لیکن ثالثوں نے دونوں وفود کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر بٹھایا، یہاں تک کہ پاکستانی وفد واپسی کی تیاری بھی شروع کر چکا تھا۔
اس حوالے سے تفصیلات جمعرات کو استنبول میں دونوں ممالک کے نمائندوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں طے کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ قبل ازیں، وزیرِ اطلاعات عطااللہ تارڑ نے بتایا تھا کہ ایک پاکستانی ماہی گیر کو بھارتی کوسٹ گارڈ نے گرفتار کیا اور اسے بھارتی خفیہ ایجنسی کے لیے کام کرنے پر مجبور کیا گیا۔
چند روز قبل خواجہ آصف نے یہ بھی کہا تھا کہ بھارت افغانستان سے پاکستان کے خلاف کم شدت کی جنگ لڑ رہا ہے اور وہ مئی میں چار روزہ جنگ میں شکست کے بعد بدلہ چکانے کی کوشش کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورہ پشاور میں قبائلی عمائدین کے جرگے سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان افغانستان سمیت اپنے تمام ہمسایوں سے امن چاہتا ہے، تاہم افغان سرزمین سے دہشت گردی برداشت نہیں کریں گے۔
Comments are closed.