اسلام آباد ، ڈرائیونگ لائسنس مہم کی ڈیڈ لائن ختم، بغیر لائسنس ڈرائیورز کے خلاف کارروائی شروع
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
اسلام آباد میں ڈرائیونگ لائسنس بنانے کے لیے جاری خصوصی مہم کی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی ہے۔ وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد کی ہدایات پر 1 ستمبر سے 7 اکتوبر تک چلنے والی اس مہم میں ایک لاکھ 28 ہزار شہریوں نے ڈرائیونگ لائسنس کا عمل مکمل کیا، جس سے لائسنس بنوانے کی شرح میں 540 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے اس کامیاب مہم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ آٹھ سال میں پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں شہریوں نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے ہیں، جو اسلام آباد ٹریفک پولیس پر عوامی اعتماد کی علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے دو بڑے سینٹرز اور سہولت وینز 24 گھنٹے کھلے رکھے گئے تھے تاکہ لوگوں کو آسانی سے لائسنس حاصل کرنے کی سہولت مل سکے۔
کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے واضح کیا کہ اب بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دورانِ سفر ڈرائیونگ لائسنس اپنے ساتھ رکھیں اور جو لوگ ابھی تک لائسنس نہیں بنوا سکے، وہ کم از کم لرنر پرنٹ ضرور حاصل کر لیں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔
Comments are closed.