سی ڈی اے کی ٹرانسفر فیس میں ظالمانہ اضافے کیخلاف کنونشن ، اضافہ متفقہ طور پر مسترد

سی ڈی اے کی ٹرانسفر فیس میں ظالمانہ اضافے کیخلاف کنونشن ، اضافہ متفقہ طور پر مسترد

ظالمانہ فیصلہ حکومتی ویژن “2025رئیل اسٹیٹ کا سال” کو تباہ کرنے کے مترادف ہے ، سردار طاہر

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن نے سی ڈی اے کی ٹرانسفر فیس میں  ظالمانہ اضافے کو مسترد کردیا ہے اس حوالے سے ایک کنونشن منعقد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے صدر اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن سردار طاہر محمود نے کہا کہ ہم پراپرٹی ٹرانسفر فیسوں میں اضافے کے ظالمانہ فیصلے کو متفقہ مسترد کرتے ہیں اور اس کیخلاف احتجاجی تحریک چلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ظالمانہ فیصلہ حکومتی ویژن “2025رئیل اسٹیٹ کا سال” کو تباہ کرنے کے مترادف اور اسمبلی سے پاس وفاقی بجٹ کے متضاد ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سی ڈی اے نے ایک مرتبہ پھر ساڑھے چھ مہینے میں ٹرانسفر فیسز میں اضافہ کر کے خریداروں اور مارکیٹ کے ساتھ ظلم کیا ہے۔ یہ اقدام نہ صرف وزیراعظم اور فنانس بل کے ویژن کی نفی ہے بلکہ عوام کے اعتماد کی بھی توہین ہے۔

سردار طاہر محمود کا کہنا تھا کہ ہم یہ فیصلہ واپس لے کر ہی دم لیں گے ۔کنونشن میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ سی ڈی اے کا نوٹیفکیشن مسترد کیا جاتا ہے جس کے تحت ٹرانسفر فیس کو فیئر مارکیٹ ویلیو کے 1% سے بڑھا کر 3% کر دیا گیا،یہ اقدام نہ صرف وزیرِاعظم پاکستان کے ہاؤسنگ ریلیف ویژن بلکہ قومی اسمبلی کے منظور شدہ فنانس بل 2025-26 کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے نے خریداروں کو دیا گیا ریلیف ختم کر کے ایک جانبدارانہ عوام دشمن اور غیر قانونی قدم اٹھایا ہے۔ہمارا اب مطالبہ ہے کہ ماضی میں ٹرانسفر فیس 250 روپے فی گز تھی جسے بعد میں ایک فیصد کر دیا گیا لہٰذا فی گز بنیاد پر فیس کو زیادہ سے زیادہ 500 روپے مقرر کیا جائے جو کہ 100 فیصد اضافہ ہوگا لیکن مارکیٹ کے لیے قابل قبول ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے کی واپسی تک ایک بھرپور احتجاجی مہم چلائی جائے گی،اسلام آباد کے تمام ایم این ایز، سینیٹرز، وزیر اعظم آفس اور چیئرمین ہاؤسنگ ٹاسک فورس سے فوری نوٹس لینے کی درخواست کی جائے گی عدالتی اور آئینی راستے بھی اختیار کیے جائیں گے تاکہ یہ ظالمانہ اقدام واپس ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اس طرح کے فیصلے اعتماد، سرمایہ کاری اور معاشی استحکام کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔ ہم پرامن مگر مؤثر انداز میں احتجاج جاری رکھیں گےاور عوام کے حق کی حفاظت کریں گے۔

اس موقع پر سابق صدر چوہدری عبدالروف،سابق صدر رانا ارشد،جنرل سیکرٹری چوہدری زاہد رفیق،ایگزیکٹو ممبر اسحٰق سیال سمیت اسلام آباد رئیل اسٹیٹ ایسوسی ایشنز، بلڈرز، ڈویلپرز اور کاروباری نمائندگان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

Comments are closed.