اسلام آباد ، ایف-11 مرکز میں شارٹ سرکٹ سے آگ، ایک پلازہ متاثر ، پولیس نے پوری مارکیٹ خالی کرادی

اسلام آباد ، ایف-11 مرکز میں شارٹ سرکٹ سے آگ، ایک پلازہ متاثر ، پولیس نے پوری مارکیٹ خالی کرادی

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

اسلام آباد کے معروف تجارتی علاقے ایف-11 مرکز میں شارٹ سرکٹ کے باعث ایک پلازہ کے بالائی منزل پر آگ بھڑک اٹھی، جس پر فائر بریگیڈ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چند ہی لمحوں میں قابو پا لیا۔ تاہم، اصل افراتفری آگ سے نہیں بلکہ پولیس کے غیر ضروری “حفاظتی اقدامات” سے پھیلی، جنہوں نے پوری مارکیٹ کو میدان جنگ میں تبدیل کر دیا۔

واقعے کے مطابق، آگ صرف ایک پلازہ کے اوپری فلور تک محدود تھی اور فائر بریگیڈ نے بر وقت پہنچ کر اسے مزید پھیلنے سے روک دیا۔ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اور صورت حال مکمل طور پر قابو میں تھی۔

دوسری طرف پولیس نے سیکیورٹی کے نام پر پورے ایف-11 مرکز کو خالی کرا لیا۔ شہری جو کھانے پینے یا خریداری میں مصروف تھے، انہیں بھیڑ بکریوں کی طرح ہانک کر مارکیٹ سے نکالا گیا۔ پولیس کی جانب سے مارکیٹ کی مکمل بندش اور شہریوں کے ساتھ سخت رویہ نہ صرف پریشان کن تھا بلکہ اس سے عوام میں شدید اضطراب اور بددلی پھیلی۔

عینی شاہدین کے مطابق آگ پر قابو پایا جا چکا تھا، مگر پولیس کی کارروائی سے ایسا لگا جیسے کوئی بڑا سانحہ ہو گیا ہو۔

شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا ایسے موقع پر دانش مندانہ اور علاقے تک محدود اقدامات کیے جا سکتے تھے؟ کیا ایک پلازہ کی آگ کے باعث پوری مارکیٹ بند کرنا ضروری تھا؟ پولیس کی اس “چابک دستی” نے سرکاری رٹ کے بجائے غیر ضروری خوف اور بد انتظامی کو جنم دیا۔

انتظامیہ کی جانب سے تاحال اس واقعے پر کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی، مگر شہریوں اور تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات میں حقیقی خطرے کے مطابق مناسب ردعمل اختیار کیا جائے تاکہ عوام کو بلاوجہ پریشانی اور نقصان سے بچایا جا سکے۔

Comments are closed.