اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، ملاوٹی دودھ بنانے کا کارخانہ سیل، 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج

اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، ملاوٹی دودھ بنانے کا کارخانہ سیل، 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی جانب سے صحت دشمن عناصر کے خلاف آپریشنز کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔ ڈائریکٹر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کی قیادت میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے رات گئے ملاح روڈ، بنی گالا کے علاقے میں ایک بڑی کارروائی کی۔

اس کارروائی کے دوران، ملاوٹی دودھ بنانے والے ایک غیر قانونی کارخانے کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ چیکنگ کے دوران، 15 ہزار لیٹر تیار دودھ، 1200 کلوگرام بناسپتی گھی، 2500 کلوگرام سکم ملک پاوڈر، اور 5 کلوگرام دیگر کیمیکلز برآمد کیے گئے۔ ان اجزاء کو فوراً موقع پر تلف کر دیا گیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ اس کارروائی میں 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور دو افراد کو موقع پر گرفتار بھی کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فوڈ اتھارٹی کا مقصد ملاوٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کو عملی طور پر نافذ کرنا ہے، اور اس سلسلے میں مزید کارروائیاں بھی جاری رہیں گی۔

ڈاکٹر طاہرہ صدیق, ڈائریکٹر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے کہا  ہم وفاق میں معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائیں گے، اورشہریوں سے اپیل کرتی ہوں کہ اگر وہ اپنے ارد گرد کہیں بھی خوراک سے متعلق غیر قانونی کارخانہ دیکھیں تو فوراً ہمیں رپورٹ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ملاوٹ مافیا کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اسلام آباد کے شہریوں کو صرف معیاری اور محفوظ خوراک ہی میسر ہو۔

اس کارروائی کے ذریعے اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے ایک اور کامیاب قدم اٹھایا ہے تاکہ شہریوں کو صحت بخش اور ملاوٹ سے پاک خوراک فراہم کی جا سکے، اور اس مافیا کے خلاف بلا روک ٹوک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Comments are closed.