اسلام آباد: قبضہ مافیا کا ڈرامہ بے نقاب، اپنے ملازم کو گولی مار کر پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش ،11 ملزمان گرفتار
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
اسلام آباد پولیس نے قبضہ مافیا کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 11 اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ گروہ اپنے ہی ملازم کو گولی مارنے کے بعد روڈ بند کر کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
یہ کارروائی تھانہ ہمک کی ٹیم نے ایس ایچ او عرفان عباس کی قیادت میں کی، جس نے طویل عرصے سے سرگرم قبضہ گروہ کے نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان شہریوں کو دھونس دھمکیوں کے ذریعے جائیدادوں پر قبضہ کرنے، ہراسانی پھیلانے اور جھوٹے واقعات کے ذریعے عوامی رائے کو گمراہ کرنے میں ملوث تھے۔
تمام ملزمان کے خلاف ایف آئی آر نمبر 1042/25 تھانہ ہمک میں درج کر لی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ افراد مختلف مقدمات میں پہلے سے مطلوب تھے، جنہیں اب ٹھوس شواہد کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا ہے۔
ایس پی سٹی ڈویژن محمد عرفان نے کہا ایس ایچ او عرفان عباس اور ان کی ٹیم نے نہایت جرات مندانہ اور پیشہ ورانہ انداز میں کارروائی کی۔ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے، ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
اسی حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد نے بھی پولیس ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہے۔
پولیس کے مطابق تفتیش جاری ہے اور متاثرہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی شکایات درج کرائیں تاکہ مافیا کے مزید ارکان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
Comments are closed.