اسلام آباد ، ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کا یوٹرن، اغوا کیس میں ملزم اللہ کی رضا کی خاطر معاف ، ملزم کی ضمانت منظور

اسلام آباد ، ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کا یوٹرن، اغوا کیس میں ملزم کو اللہ کی رضا کی خاطر معاف کر دیا، عدالت سے حسن زاہد کی ضمانت منظور

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

سیشن کورٹ اسلام آباد میں ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے مبینہ اغوا اور دھمکیوں کے مقدمے میں ڈرامائی موڑ آ گیا، جب مدعیہ نے عدالت میں بیان دیا کہ وہ اللہ کی رضا کی خاطر ملزم حسن زاہد کو معاف کرتی ہیں۔ اس بیان کے بعد عدالت نے 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ملزم کی ضمانت منظور کر لی۔

ایڈیشنل سیشن جج چوہدری عامر ضیا کی عدالت میں سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے بتایا کہ سامعہ حجاب نے زبانی طور پر ملزم کو معاف کر دیا ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ مدعیہ یا ان کے اہلخانہ کا کوئی فرد عدالت آ کر اپنا بیان قلمبند کرائے۔

سماعت میں وقفے کے بعد سامعہ حجاب خود عدالت میں پیش ہوئیں اور کہا ہمارا معاملہ طے ہو گیا ہے، میں کیس واپس لیتی ہوں، مجھے ملزم کی ضمانت یا بریت پر کوئی اعتراض نہیں۔

اس پر عدالت نے حسن زاہد کی ضمانت منظور کر لی ۔ سماعت کے بعد سامعہ حجاب میڈیا کے سوالات کا جواب دیے بغیر روانہ ہو گئیں۔

یہ کیس حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا اور مین اسٹریم میڈیا پر خاصی توجہ کا مرکز بنا رہا تھا، تاہم اب فریقین کی صلح کے بعد کیس انجام کو پہنچ گیا ہے۔

Comments are closed.