اسلام آباد میں طوفانی بارش ، سیدپور سمیت متعدد علاقے پانی کی زد میں ، گاڑیاں بہہ گئیں ، کروڑوں کا نقصان

اسلام آباد میں طوفانی بارش ، سیدپور سمیت متعدد علاقے پانی کی زد میں ،  گاڑیاں بہہ گئیں ، کروڑوں کا نقصان ، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

اسلام آباد میں طوفانی بارش ہوئی، نشیبی علاقے پانی پانی ہوگئے، سید پور میں 147 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اسلام آباد

ولی الرحمن

اسلام آباد میں طوفانی بارش ہوئی، نشیبی علاقے پانی پانی ہوگئے، سید پور میں 147 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

قدیم گاوں سیدپور میں 147  ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور برساتی نالہ بپھر گیا ، پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا، کئی گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں ، غریب عوام کو کروڑوں کے نقصان کا سامنا ہے ۔

دوسری جانب حال ہی میں سی ڈی اے کی جانب سے کروڑوں روپے کے خرچ پر کی گئی تعمیرات پر پانی پھر گیا اور پانی کے ایک ہی جھٹکے سے کئی نوتعمیر شدہ دیواریں پانی کی نذر ہوگئیں جبکہ نااہل انجینئر کے مشوروں سے جگہ جگہ بظاہر خوبصورت دیواریں تو بنا دی گئیں مگر ان میں نکاسی آب کا کوئی بندوبست نہ کئے جانے پر کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا جس سے آمد ورفت کا سلسلہ مکمل طور پر معطل ہوگیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

متعدد مویشی بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئے، نالا لئی میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا، کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 14 فٹ تک پہنچ گئی، خانپور ہزارہ میں موسلا دھار باش ہوئی، ندی نالوں میں طغیانی، پل زیر آب آگئے، بند بھی ٹوٹ گیا۔

درجنوں دیہات کا خانپور سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، سیلابی ریلے کے باعث دونوں جانب لوگ پھنس گئے، دوڑ ندی میں سیلابی ریلے، چھوئی میں بجلی کے 6 پول بہہ گئے، قلات میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔

مون سون کے ایک اور زوردار سپیل کی پیشگوئی کردی گئی، ملک بھر میں شدید بارشوں کا امکان ہے، سرگودھا میں خستہ مکان کی چھت گر گئی، 50 سالہ شہری جاں بحق ہوگیا جبکہ بیوی اور 4 بچے زخمی ہوگئے۔

Comments are closed.