یمن میں اسرائیلی فضائی حملے، صنعا اور الجوف میں 35 شہید، 130 سے زائد زخمی

یمن میں اسرائیلی فضائی حملے، صنعا اور الجوف میں 35 شہید، 130 سے زائد زخمی

صنعا

یمن کے دارالحکومت صنعا اور الجوف گورنریٹ اسرائیلی فضائی حملوں سے لرز اٹھے، جن میں کم از کم 35 افراد شہید جبکہ 130 سے زائد زخمی ہو گئے۔

الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے رہائشی آبادیوں کو نشانہ بنایا جن میں ایک طبی مرکز بھی شامل ہے۔ یمنی وزارتِ صحت نے تصدیق کی کہ زیادہ تر شہداء اور زخمی عام شہری ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب ایک روز قبل ہی اسرائیل نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس کی قیادت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔

اسرائیلی فوج نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ نشانہ بنائے گئے مقامات “حوثی حکومت سے وابستہ فوجی اہداف” تھے۔ تاہم حوثی حکام نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل دراصل یمن کو غزہ کے لیے اپنی حمایت ختم کرنے پر مجبور کرنا چاہتا ہے۔ حوثی قیادت نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے باوجود جنگ کے خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی ایک اسرائیلی فضائی حملے میں یمنی وزیراعظم احمد الرحوی شہید ہوگئے تھے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی تھی۔

Comments are closed.