جڑانوالہ: تیز رفتاری کا خطرناک انجام — کار بے قابو ہو کر ڈیوائڈر سے ٹکرا گئی، ڈرائیور زخمی

جڑانوالہ (ریسکیو 1122 میڈیا رپورٹ): جڑانوالہ فیصل آباد روڈ پر چک نمبر 123/GB کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار کار اوورٹیک کرتے ہوئے بے قابو ہو کر مرکزی ڈیوائڈر سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے نتیجے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور ڈرائیور زخمی ہو گیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق کار لاہور کے رہائشی سید خرم شہزاد ولد سید راشد علی چلا رہے تھے، جو کہ جوہر ٹاؤن کے رہائشی ہیں۔ وہ جڑانوالہ سے فیصل آباد کی طرف جا رہے تھے کہ اچانک گاڑی کا ایکسل کھل گیا، جس کے باعث گاڑی کا توازن بگڑ گیا اور وہ زور دار انداز میں ڈیوائڈر سے ٹکرا گئی۔

ریسکیو 1122 حضرو کی ٹیم اطلاع ملنے پر فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی، زخمی کو ابتدائی طبی امداد دی گئی اور گاڑی کو سڑک کے کنارے منتقل کر کے روڈ کو عام ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا۔ موقع پر ٹریفک پولیس بھی موجود تھی جس نے ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کیا۔

شہریوں نے ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی کو سراہا اور اس واقعے کو ایک وارننگ قرار دیا کہ تیز رفتاری اور گاڑیوں کی ناقص مینٹیننس خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنی گاڑیوں کی بروقت دیکھ بھال کریں تاکہ قیمتی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

Comments are closed.