خواجہ آصف کا سیالکوٹ میں سڑک کی ناقص تعمیر پر شدید تحفظات کا اظہار

خواجہ آصف کا سیالکوٹ میں سڑک کی ناقص تعمیر پر شدید تحفظات کا اظہار

سیالکوٹ

وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں ورلڈ بینک کے تعاون سے بننے والے ترقیاتی منصوبے کے ناقص معیار پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اربوں روپے کے اخراجات کے باوجود سڑکوں پر بڑے بڑے گڑھے منصوبے کی اصل حقیقت ظاہر کر رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر سیالکوٹ کی خادم علی روڈ کی ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے بتایا کہ یہ منصوبہ PICIIP کے تحت شروع کیا گیا تھا جس پر ورلڈ بینک کے قرض سے سیالکوٹ اور ساہیوال میں کئی برس سے کام جاری ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے کے معیار کا اندازہ صرف ویڈیو دیکھ کر لگایا جا سکتا ہے۔

وزیر دفاع نے کہاکہ خادم علی روڈ پر پائپ بچھانے کا کام PICCIP کے ٹھیکیدار نے کیا، جس سے دیگر حصوں کے معیار پر بھی سوال اٹھتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شہر کے مضافات میں ڈسپوزل تو بنا دیا گیا ہے لیکن سسٹم اب تک فعال نہیں ہو سکا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ منصوبے کا ٹھیکیدار انتہائی بااثر ہے اور پارلیمنٹ کا رکن بھی ہے، جس کے باعث اس کا احتساب ہونا مشکل دکھائی دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ منصوبہ ان کے حلقے میں ہے، اس لیے اس پر بات کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی خواجہ آصف نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ سڑکوں اور پلوں کی تعمیر میں بدعنوانی اس حد تک ہوتی ہے کہ وہ ایک ہی بارش کے بعد تباہ ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔

Comments are closed.