خیبر پختونخوا ، امن و امان کی بہتری کے لیے اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس

خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بہتری کے لیے اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس

پشاور

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے خصوصاً ضم شدہ قبائلی اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، اراکین اسمبلی اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکیورٹی چیلنجز، دہشت گردی کے حالیہ واقعات، اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اپیکس کمیٹی نے واضح الفاظ میں دہشت گردوں کو “مشترکہ دشمن” قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مربوط اور مؤثر کارروائیاں کی جائیں گی ۔ تمام اداروں کے مابین بہتر کوآرڈینیشن پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ “سیکیورٹی فورسز کے جوان ہمارے مہمان ہیں، جو عوام کی حفاظت کے لیے موجود ہیں ۔

دہشت گرد اور ان کے سہولت کار کسی بھی شکل میں ناقابل قبول ہیں ۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور سہولت کاروں کی بروقت نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف مؤثر کارروائی ممکن بنائی جا سکے ۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ “دہشت گردی ایک ناسور ہے، جس کے خاتمے کے لیے حکومت، عوام اور سیکیورٹی اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر آ کر کام کرنا ہوگا ۔”

Comments are closed.