لاہور، گاڑی میں اونچی آواز میں گانا چلانے پر شہری کے خلاف ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ، گاڑی ضبط
لاہور
لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں پولیس نے ایک شہری کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جس نے اپنی گاڑی میں ملکہ ترنم نور جہاں کا مشہور گانا “جھانجر دی پاواں جھنکار” اونچی آواز میں چلایا تھا۔ یہ گانا 1984 کی پاکستانی فلم شعلے سے ہے، جو آج بھی پنجابی کلچر اور شادی بیاہ کی محفلوں میں مقبول ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق، پولیس نے بسم اللہ چوک کے قریب ناکہ بندی کے دوران ایک گاڑی کو روکا جس میں یہ گانا بج رہا تھا۔ گاڑی کا ڈرائیور دانش علی تھا، جس سے تفتیش کے دوران اس نے بتایا کہ یہ اس کا ذاتی شوق ہے اور وہ اکثر گاڑی میں اونچی آواز میں گانے بجاتا ہے۔
پولیس کے مطابق، اس کارروائی میں گاڑی کو فوراً روکا گیا اور اس کی تلاشی لی گئی۔ گاڑی میں موجود بلند آواز میں گانے کی وجہ سے، پولیس نے اس کے خلاف ساؤنڈ سسٹم ایکٹ 2015 کی دفعہ 6 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ملزم کی گاڑی موقع پر قبضے میں لے لی گئی اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
پولیس کے حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کو اس قسم کے معاملات میں احتیاط برتنی چاہیے، کیونکہ عوامی جگہوں پر غیر ضروری شور شرابہ کرنے سے نہ صرف دیگر افراد کی ذہنی سکون کو متاثر کیا جاتا ہے، بلکہ یہ عوامی نظم و ضبط کے لیے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔
Comments are closed.