لاہور: ہربنس پورہ میں سلنڈر دھماکہ، گھر کی ایک منزل منہدم، 3 افراد جاں بحق، 7 زخمی

لاہور: ہربنس پورہ میں سلنڈر دھماکہ، گھر کی ایک منزل منہدم، 3 افراد جاں بحق، 7 زخمی

لاہور

صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں سلنڈر دھماکے سے ایک گھر کی منزل منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق دھماکہ نادر مارکیٹ، ہربنس پورہ میں واقع ایک رہائشی مکان میں صبح کے وقت پیش آیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق باورچی خانے میں گیس جمع ہونے کے باعث اچانک دھماکہ ہوا جس سے عمارت کی بالائی منزل زمین بوس ہوگئی۔

حادثے میں 55 سالہ عذرا، 19 سالہ آفتاب اور 2 سالہ صائم موقع پر جاں بحق ہوگئے، جبکہ اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملبے تلے دبے 7 افراد کو زندہ نکال لیا۔

زخمیوں میں 20 سالہ صبا، 50 سالہ عشرت، 16 سالہ عتیقہ، 40 سالہ رخسانہ، 21 سالہ شہر بانو، 24 سالہ عروج اور 16 سالہ حبیب شامل ہیں، جنہیں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق امدادی کارروائیاں کئی گھنٹے جاری رہیں، جبکہ جائے وقوعہ سے ملبہ ہٹانے کے بعد گیس سلنڈر کے ٹکڑے اور دھماکے کے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گیس لیکیج ہی دھماکے کی بنیادی وجہ ظاہر کی جا رہی ہے۔

پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی اور قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

Comments are closed.