لاہور: بی آر بی نہر میں ریسکیو 1122 کی فرضی سیلابی مشقیں، ضلعی و انتظامی افسران کا اظہار اطمینان

لاہور (میڈیا مانیٹرنگ سیل، ریسکیو 1122 ہیڈ کوارٹرز): سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایت پر ممکنہ سیلابی حالات سے نمٹنے کے لیے فرضی ریسکیو مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ یہ مشقیں لاہور کے علاقے کھیر پل، بی آر بی نہر میں کی گئیں، جن کا مقصد ریسکیو اہلکاروں کی عملی تیاری اور ردعمل کی صلاحیت کو جانچنا تھا۔

مشقوں کی نگرانی ضلعی ایمرجنسی افسر شاہد حید قمر نے کی، جبکہ ان مشقوں میں ریسکیو 1122 کے 60 سے زائد ماہر غوطہ خوروں اور 8 ریسکیو بوٹس نے حصہ لیا۔ اہلکاروں نے سیلابی صورتحال میں متاثرین کو نکالنے، ابتدائی طبی امداد دینے اور بحفاظت مقامات پر منتقل کرنے کی مشقیں کیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صہیب بٹ اور دیگر ضلعی افسران نے مشقوں کا معائنہ کیا اور ریسکیو 1122 کی تیاری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی مشقیں نہ صرف ادارے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہیں بلکہ ہنگامی صورتحال میں بہتر اور بروقت ردعمل کو بھی یقینی بناتی ہیں۔

ایمرجنسی سروسز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 ہر ممکن سیلابی یا قدرتی آفات کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور عوام کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے۔

Comments are closed.