اسلام آباد کچہری خودکش دھماکے کے بعد ملک بھر میں وکلا کی ہڑتال، عدالتی کارروائیاں معطل

اسلام آباد کچہری خودکش دھماکے کے بعد ملک بھر میں وکلا کی ہڑتال، عدالتی کارروائیاں معطل

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

وفاقی دارالحکومت کے ضلع کچہری میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد آج ملک بھر میں بار ایسوسی ایشنز کی جانب سے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ اور ہڑتال کی گئی۔ وکلا نے سانحے کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لیے فاتحہ خوانی اور اظہارِ یکجہتی کے طور پر عدالتوں میں پیش نہ ہونے کا اعلان کیا۔

اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس بدھ کو مکمل طور پر بند رہا۔ ضلعی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے وکلا، سائلین اور کلرکس کو کچہری نہ آنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ بار کے عہدیداروں نے وکلا سے اپیل کی کہ وہ سوگ اور احترام کے طور پر گھروں میں رہیں۔

واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے گزشتہ روز ہونے والے خودکش حملے کے تناظر میں تین روزہ سوگ اور ایک روزہ ہڑتال کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت عدالتوں میں کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

اس کے علاوہ اسلام آباد بار کونسل نے بھی افسوسناک واقعے پر تین روزہ ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔ ملک کے دیگر شہروں میں بھی بار ایسوسی ایشنز نے عدالتی کارروائیوں کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے، جس کے باعث مختلف اضلاع کی عدالتوں میں سماعتیں مؤخر کر دی گئیں۔

وکلا رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کچہریوں اور عدالتی عمارتوں کی سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔

Comments are closed.