خیبرپختونخوا کابینہ میں بڑی تبدیلیاں متوقع، علی امین گنڈاپور کو بانی چیئرمین کی کلیئرنس مل گئی

خیبرپختونخوا کابینہ میں بڑی تبدیلیاں متوقع، علی امین گنڈاپور کو بانی چیئرمین کی کلیئرنس مل گئی

مشتاق غنی کا سینیئر وزیر بننے کا امکان، کارکردگی نہ دکھانے والے وزراء فارغ کیے جائیں گے: ذرائع

پشاور

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خیبرپختونخوا میں قائم صوبائی حکومت میں اہم تبدیلیوں کی بازگشت سنائی دینے لگی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اپنی حکومت کے خلاف بننے والے مبینہ محاذ کے خلاف عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل میں علی امین گنڈاپور نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے اہم ملاقات کی، جس میں وزیراعلیٰ نے انہیں اپنے خلاف ہونے والی سازشوں، داخلی گروہ بندی اور بعض وزراء کی کارکردگی سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق بانی چیئرمین نے وزیراعلیٰ کو واضح ہدایت دی کہ وہ سازش کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں، اور ایسے وزراء و مشیران جو کام نہیں کر رہے، انہیں فوری طور پر کابینہ سے فارغ کیا جائے۔ بانی چیئرمین کی جانب سے وزیراعلیٰ کو ٹیم میں تبدیلیوں کی کلیئرنس بھی دے دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے پارٹی قیادت کی منظوری کے بعد اپنی کابینہ میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے اور جلد ہی کارکردگی کی بنیاد پر رد و بدل کیا جائے گا۔

اسی تناظر میں یہ بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ سابق اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی کو صوبائی کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق انہیں سینیئر وزیر کی اہم ذمہ داری سونپی جا سکتی ہے، تاکہ صوبائی حکومت کو مزید مستحکم اور فعال بنایا جا سکے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق خیبرپختونخوا میں ہونے والی یہ ممکنہ تبدیلیاں نہ صرف پارٹی کے اندرونی نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں بلکہ اگلے مرحلے میں عوامی سطح پر حکومتی کارکردگی دکھانے کے لیے بھی اہم ہوں گی۔

Comments are closed.