ایف آئی اے کی بڑی کارروائی : بی آئی ایس پی فنڈز میں خردبرد، 21 ملزمان گرفتار 

ایف آئی اے کی بڑی کارروائی : بی آئی ایس پی فنڈز میں خردبرد، 21 ملزمان گرفتار 

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کمپوزٹ سرکل میرپورخاص نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے فنڈز میں بڑے پیمانے پر خردبرد اور مالی بدعنوانی میں ملوث گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 21 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں بی آئی ایس پی کے اہلکار بھی شامل ہیں، جو مستحقین کی رقوم میں غیر قانونی کٹوتیاں کر کے ناجائز منافع کماتے رہے۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق کارروائی میرپورخاص میں واقع بی آئی ایس پی سینٹر ناگوری ہال میں کی گئی، جہاں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا گیا۔ چھاپے کے دوران 9 الیکٹرانک ڈیوائسز، 2 سلیکون انگوٹھوں کے امپریشن، گلو گن مشین، گلو بارز اور 25 لاکھ 30 ہزار روپے نقدی برآمد کی گئی۔

ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ گرفتار ملزمان مستحقین کو رقوم کی ادائیگی کے وقت فی کس 1500 سے 2000 روپے تک غیر قانونی طور پر کاٹ لیتے تھے۔ ان کٹوتیوں کی رقوم بعدازاں بی آئی ایس پی افسران اور فرنچائز مالکان کو رشوت کے طور پر دی جاتی تھیں، تاکہ ان کی جعلسازی پر آنکھ بند رکھی جائے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان بطور سب ایجنٹس اصل مالکان کی ڈیوائسز استعمال کر رہے تھے۔ انہوں نے مستحقین کو مجبور کیا ہوا تھا کہ اگر وہ غیر قانونی کٹوتی نہ کروائیں تو ان کے اکاؤنٹس یا شناختی آئی ڈیز بلاک کر دی جائیں۔

گرفتار افراد میں بی آئی ایس پی کے اہلکار شاہنواز، سہیل ایوب اور اشفاق حسین کے علاوہ احسن علی، امر سنگھ، شہزاد علی، نعیم، گیان، خمیسو، امان اللہ، سفیر انور، کنور، جاوید علی، نارائن، جعفر علی، محمد بخش، جمن، عبدالحمید، رجب اور کاشف علی شامل ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ ان سے مزید معلومات حاصل کرنے کے بعد مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ادارہ عوامی فلاحی اسکیموں کے فنڈز میں خردبرد کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے، اور کسی بھی سطح پر بدعنوانی یا اختیارات کے ناجائز استعمال کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Comments are closed.