اسلام آباد میں تھانہ کھنہ پولیس کی بڑی کارروائی، 18 ملین روپے مالیت کی چوری شدہ گاڑیاں برآمد

اسلام آباد میں تھانہ کھنہ پولیس کی بڑی کارروائی، 18 ملین روپے مالیت کی چوری شدہ گاڑیاں برآمد

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

اسلام آباد کے تھانہ کھنہ پولیس نے ایس ایچ او عامر حیات کی قیادت میں شاندار کارروائی کرتے ہوئے ملک کے مختلف شہروں سے چوری شدہ اور جعلی نمبر پلیٹس کے ساتھ استعمال کی جانے والی چھ قیمتی گاڑیاں برآمد کر لی ہیں جن کی مجموعی مالیت تقریباً اٹھارہ ملین روپے بنتی ہے۔

یہ کارروائی معمول کے گشت اور چیکنگ کے دوران کی گئی جہاں پولیس نے مشکوک گاڑیوں کو تحویل میں لے کر ان کی تفتیش شروع کی۔ دورانِ تفتیش انکشاف ہوا کہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس جعلی اور ٹیمپرڈ تھیں جبکہ ان کے اصل رجسٹریشن نمبرز ملک کے مختلف تھانوں میں درج چوری کے مقدمات سے میچ کر گئے۔

پولیس کے مطابق پہلی گاڑی ہونڈا سوک 2006 ماڈل ہے جس پر جعلی نمبر AJN 105 نصب تھا جبکہ اصل نمبر LWQ 3401 ہے۔ یہ گاڑی تھانہ ستوکتلہ لاہور سے 2012 میں چوری ہوئی تھی اور تیرہ سال بعد اسلام آباد سے برآمد ہوئی۔ دوسری گاڑی ٹویوٹا کرولا 2006 ماڈل ہے جس پر جعلی نمبر LWQ 8337 تھا۔

اس کا اصل نمبر IDM 7346 ہے جو دو سال قبل تھانہ ڈالوٹ ضلع راولا کوٹ کے مقدمہ نمبر 5/2023 میں چوری ہوئی تھی۔ تیسری گاڑی ٹویوٹا وٹز 2007 ماڈل ہے جس کا نمبر BDF 707 ہے۔ یہ گاڑی تھانہ گلشن اقبال کراچی سے چوری ہوئی تھی اور 20 اگست 2025 کو اسلام آباد میں برآمد ہوئی جس پر تھانہ کھنہ میں مقدمہ نمبر 1663/2025 درج کیا گیا ہے۔

چوتھی گاڑی ہونڈا سوک 2018 ماڈل ہے جو ٹیمپرڈ حالت میں برآمد ہوئی۔ اس پر نمبر LED-18-1439 موجود تھا اور لیبارٹری رپورٹ زیر التواء ہے۔ رپورٹ آنے کے بعد قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پانچویں گاڑی سوزوکی مہران 2010 ماڈل ہے جس پر سندھ کا نمبر ATY 602 لگا ہوا تھا۔ گاڑی ٹیمپرڈ حالت میں برآمد ہوئی اور لیبارٹری رپورٹ مکمل ہو چکی ہے جس پر قانونی کارروائی جاری ہے۔

چھٹی گاڑی ٹویوٹا ہائی ایس وین ہے جس پر جعلی نمبر BKS 1514 لگا تھا۔ اصل نمبر RPT 4487 ہے اور یہ گاڑی تھانہ وارس خان راولپنڈی سے 2006 میں چوری ہوئی تھی جو انیس سال بعد 20 اگست 2025 کو برآمد ہوئی۔ اس پر تھانہ کھنہ میں مقدمہ نمبر 1391/2025 درج کیا گیا ہے۔

ایس ایچ او عامر حیات نے بتایا کہ تھانہ کھنہ پولیس کی یہ کارروائی گاڑیوں کی چوری میں ملوث منظم گروہوں کے خلاف بڑی پیش رفت ہے اور اس سے چوری کی وارداتوں میں کمی آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ عناصر چاہے کتنے ہی پرانے کیوں نہ ہوں قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ تھانہ کھنہ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

Comments are closed.