ملالہ یوسفزئی کا پاکستانیوں سے یکجہتی کا اظہار، سیلاب متاثرین کیلئے امدادی گرانٹس کا اعلان ، بچیوں کی تعلیم کی بحالی پر زور
لندن
نوبیل امن انعام یافتہ اور تعلیم کی عالمی علمبردار ملالہ یوسفزئی نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث پیدا ہونے والی تباہ کن صورتحال پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر تعلیمی اداروں کی تباہی اور متاثرہ بچیوں کی تعلیم کے تسلسل کو درپیش خطرات پر زور دیتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
ملالہ یوسفزئی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کردہ اپنے پیغام میں لکھا سیلاب نے اسکولوں کو تباہ کر دیا ہے اور کمیونٹیز کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ مشکل وقت میں میرا دل تمام پاکستانیوں کے ساتھ ہے۔ ہمیں فوری طور پر امدادی سرگرمیوں کو بڑھانا ہو گا اور متاثرہ علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی میں مدد کرنی چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں یہ یقینی بنانا ہے کہ بچیاں اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ تعلیم اُن کا بنیادی حق ہے، اور قدرتی آفات کے باوجود ہمیں یہ حق بحال رکھنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے ہوں گے۔
ملالہ یوسفزئی نے اعلان کیا کہ ان کی تنظیم “ملالہ فنڈ” سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعلیم کی بحالی کے لیے ہنگامی گرانٹس فراہم کرے گا۔ ان گرانٹس کا مقصد نہ صرف اسکولوں کی تعمیر و بحالی ہے بلکہ متاثرہ بچیوں کو اسکول واپس لانے اور انہیں درکار تعلیمی وسائل مہیا کرنا بھی شامل ہے۔
ملالہ فنڈ کا قیام بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے کیا گیا تھا، اور یہ دنیا کے کئی ترقی پذیر ممالک میں فعال ہے۔ پاکستان میں ملالہ فنڈ خاص طور پر ان علاقوں میں کام کرتا ہے جہاں تعلیمی سہولیات محدود ہیں اور بچیاں تعلیم سے محروم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ہنگامی اقدام کے تحت متاثرہ علاقوں میں تعلیمی اداروں کا فوری جائزہ لیا جائے گا ، مقامی شراکت دار تنظیموں کے ساتھ مل کر بحالی کا کام شروع کیا جائے گا ، متاثرہ بچیوں کے لیے کتابیں، یونیفارم اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا جائے گا ، اساتذہ کی ٹریننگ اور عارضی اسکولز کے قیام پر بھی غور کیا جا رہا ہے ۔
ملالہ نے پاکستانی حکومت، مقامی و بین الاقوامی فلاحی اداروں اور تعلیمی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس نازک وقت میں آگے آئیں اور تعلیم کے شعبے کو مکمل تباہی سے بچائیں۔ ان کے مطابق، “اگر ابھی قدم نہ اٹھایا گیا تو ہزاروں بچیاں ہمیشہ کے لیے تعلیم سے محروم ہو سکتی ہیں۔”
ملالہ کے اس بیان اور گرانٹس کے اعلان کو سوشل میڈیا پر عوامی سطح پر خوب سراہا جا رہا ہے۔ صارفین نے ان کے احساس اور اقدام کو ایک مثبت پیغام قرار دیا ہے، جبکہ کئی صارفین نے حکومت سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ تعلیم کو ہنگامی ترجیح دے۔
Comments are closed.