9 مئی ایک لعنتی پروگرام تھا،شیخ رشید

راولپنڈی (زورآور نیوز ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چلے نے مجھے ایک نیا شیخ رشید بنا دیا ہے، وہاں میرے ساتھ کوئی زیادتی نہیں کی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ 9 مئی ایک لعنتی پروگرام تھا، مجھ سے کوئی غلطی ہوئی تو معافی مانگتا ہوں، م نسلی اور اصلی ہیں، سب اللہ پر چھوڑتے ہیں، میں پی ڈی ایم کے خلاف الیکشن لڑوں گا اگر جیل بھی چلا گیا تو بھی دونوں حلقوں سے الیکشن لڑوں گا۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاک فوج ہماری عظیم فوج ہے، جنرل عاصم منیر نے معشیت درست کر دی، جنرل عاصم منیر اور جنرل ندیم انجم کے لیے کام کر رہے ہیں، کل بھی فوج کے ساتھ تھے اور آج بھی فوج کے ساتھ ہیں۔دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی لال حویلی ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا، لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جج جسٹس مرزا وقاص رؤف نے شیخ رشید کی لال حویلی سیل کرنے کی اپیل پر فیصلہ سنایا، جس میں عدالت نے لال حویلی سیل کنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے لال حویلی ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا، اس کے علاوہ عدالتی فیصلے میں لال حویلی کی دونوں ملکیتی رجسٹریاں منسوخ کرنے کا فیصلہ بھی کالعدم قرار دیا گیا اور ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ لال حویلی فوری ڈی سیل کی جائے، لال حویلی کے حوالے سے محکمہ جاتی ریفرنس پر چیئرمین کی جانب سے از سر نو سماعت کی جائے۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی رہائش گاہ کو سیل کر دیا گیا تھا، اس مقصد کے لیے متروکہ وقف املاک بورڈ نے ایف آئی اے اور پولیس کی نفری کے ساتھ راولپنڈی میں آپریشن کیا اور شیخ رشید کی رہائش گاہ لالی حویلی کو خالی کروا کر سیل کر دیا، جس کے بعد لالی حویلی کا کنٹرول متروکہ وقت املاک بورڈ نے سنبھال لیا، لال حویلی کے ساتھ کالج روڈ پر بھی دکانیں سیل کر دی گئیں۔ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک بورڈ آصف خان نے لال حویلی کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ لال حویلی کیخلاف آپریشن کسی قسم کی انتقامی کارروائی نہیں، لال حویلی میں قانون کے مطابق کارروائی کی گئی، شیخ رشید ہمارے لئے قابلِ احترام ہیں اور ان کے پاس اپیل کا حق ہے، لال حویلی کا معاملہ 1991ء سے متروکہ وقت املاک کے ساتھ چل رہا ہے، شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کو دستاویزات دینے کا پورا موقع دیا گیا۔اس سے قبل راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی کے باہر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا، ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ لال حویلی کے باہر سے تجاوزات ہٹادی گئی ہیں، تجاوزات کے خلاف آپریشن میں میونسپل کارپوریشن سمیت راولپنڈی پولیس کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔

 

Comments are closed.