قائمہ کمیٹی برائے ہاؤ سنگ و تعمیرات کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ، متاثرین کے مسائل کے حل کی یقین دہانی
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی کا اجلاس زیر صدارت رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان منعقد ہوا ۔ اجلاس میں کمیٹی کی دیگر اراکین، جن میں رکن قومی اسمبلی محبوب شاہ اور رکن قومی اسمبلی ابرار احمد نے شرکت کی ۔
اس کے علاوہ وزارتِ ہاؤسنگ و تعمیرات کے ایڈیشنل سیکریٹری اشفاق گھمن اور ڈی جی ایف جی ای ایچ اے کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس کا مقصد زمین کے حصول کے واجبات، تعمیر شدہ املاک کی ادائیگیوں، اور مختلف ہاؤسنگ منصوبوں میں تاخیر سے متعلق مسائل کا جائزہ لینا تھا ۔
اجلاس کے دوران سیکٹر G-14/1، G-15/3، F-14 اور F-15 میں موجود متاثرہ فریقین کی جانب سے اپنے مسائل پیش کیے گئے، خصوصاً سیکٹر G-14/1 میں قبضہ نہ ملنے کی شکایات سامنے آئیں۔
ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ اتھارٹی نے شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، اور ڈائریکٹر لینڈ کو ہدایت دی کہ الاٹیز کے مسائل کو سنا جائے، اور ایک عملی حکمتِ عملی ترتیب دی جائے تاکہ الاٹیز کو جلد از جلد قبضے فراہم کیے جا سکیں۔
کنوینر انجم عقیل خان نے کہا کہ ذیلی کمیٹی تمام متاثرہ افراد کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی اور متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے گی۔
اجلاس کے اختتام پر متاثرین نے کمیٹی کی توجہ اور سنجیدگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کے دیرینہ مسائل جلد حل ہوں گے۔
شرکاء نے ذیلی کمیٹی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کے اجلاس متاثرین اور متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر رابطے اور اعتماد سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں
Comments are closed.