راولپنڈی میں بیشتر شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھول دی گئیں، فیض آباد بدستور بند

راولپنڈی میں بیشتر شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھول دی گئیں، فیض آباد بدستور بند

راولپنڈی

شمشاد مانگٹ

شہر کی مختلف مرکزی اور ذیلی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے۔ ضلعی ٹریفک پولیس کے مطابق بیشتر راستے عام ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے ہیں، تاہم فیض آباد کے مقام پر ٹریفک بدستور بند ہے۔

ذرائع کے مطابق مری روڈ کے تمام مقامات پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔ مال روڈ اور پشاور روڈ پر بھی ٹریفک کی روانی برقرار ہے اور شہری باآسانی سفر کر رہے ہیں۔

کھنا پل اور کُرّی روڈ سے اسلام آباد اور راولپنڈی جانے والی ٹریفک کھلی ہوئی ہے جبکہ جہلم روڈ، کچہری چوک اور سواں پل پر بھی گاڑیوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری ہے۔

اولڈ ایئرپورٹ روڈ کے دونوں اطراف سے بھی ٹریفک رواں دواں ہے۔ اسی طرح اڈیالہ روڈ، کلمہ چوک اور چکری روڈ پر بھی ٹریفک میں کسی قسم کی رکاوٹ کی اطلاع نہیں ہے۔

مزید برآں، چکری انٹرچینج، فتح جنگ ٹول پلازہ اور ٹھلیاں انٹرچینج کو بھی عام ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، جہاں سے گاڑیاں بغیر کسی رکاوٹ کے گزر رہی ہیں۔

چونگی نمبر 26 اور ٹی چوک روات پر بھی ٹریفک کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری ہے، جبکہ راولپنڈی کی تمام تحصیلوں میں بھی سڑکیں ٹریفک کے لیے کھلی ہوئی ہیں۔

ضلعی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ عوام کو کسی بھی قسم کی زحمت سے بچانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ٹریفک صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل ٹریفک اپڈیٹس ضرور چیک کریں۔

Comments are closed.