میرے بیٹے کو 4 مسلح نقاب پوش گھر سے اٹھا کر لے گئے، علیمہ خان

میرے بیٹے کو 4 مسلح نقاب پوش گھر سے اٹھا کر لے گئے، علیمہ خان

لاہور

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے الزام لگایا ہے کہ ان کے بیٹے شاہ ریز کو مسلح نقاب پوش افراد نے گھر سے اغوا کر لیا۔

علیمہ خان کا کہنا ہے کہ سادہ کپڑوں میں ملبوس 4 افراد کچن کے راستے سے گھر میں داخل ہوئے۔ اس وقت شاہ ریز اپنی اہلیہ اور والد کے ہمراہ اوپر والے حصے میں موجود تھے، ان مسلح افراد نے ڈرائیورز کو بھی ڈرا دھمکا کر ہراساں کیا۔

پی ٹی آئی کے ترجمان نے بھی اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیاکہ حملہ آوروں نے زبردستی دروازے توڑے اور شاہ ریز کو بیڈ روم سے اغوا کیا۔ ترجمان کے مطابق شاہ ریز کو ان کے دو کمسن بچوں کے سامنے کمرے میں تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

ترجمان نے مزید کہاکہ ایک روز قبل ہی شاہ ریز اور ان کی اہلیہ کو لاہور ایئرپورٹ سے غیر قانونی طور پر آف لوڈ کیا گیا تھا، حالانکہ شاہ ریز کا کسی سیاسی سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں۔ پی ٹی آئی نے چیف جسٹس سے فوری نوٹس لینے اور شاہ ریز کی بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنااللہ نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ لاہور پولیس چیف نے اس گرفتاری کی تردید کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ علیمہ خان کا دعویٰ فی الحال محض الزام ہے، تاہم اگر گرفتاری عمل میں آئی ہے تو قانون کے مطابق شاہ ریز کو 24 گھنٹوں کے اندر عدالت کے سامنے پیش کیا جائےگا۔

Comments are closed.