لاہور ( زورآور نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 21 کتوبر کو گریٹر اقبال پارک میں جلسے کے لیے انتظامیہ کو درخواست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی پر مسلم لیگ ن نے مینار پاکستان کے گریٹر اقبال پارک میں جلسے کا منصوبہ بنایا ہے، جس کا مقصد پارٹی قائد کا وطن واپسی پر استقبال کرنا ہے، اس جلسے کے لیے مسلم لیگ ن کے رہنما بلال یاسین نے لاہور کی ضلعی انتظامیہ کو باقاعدہ درخواست جمع کروادی ہے، جس میں 15 اکتوبر سے 21 اکتوبر تک انتظامات اور جلسے کی اجازت مانگی گئی ہے، 21 اکتوبر کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسے کے لیے باقاعدہ درخواست ڈپٹی کمشنر آفس کو دی گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف 21 اکتوبر کو لاہور پہنچیں گے، سابق وزیراعظم 21 اکتوبر کو دن 12 بجے لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کریں گے، امید پاکستان طیارہ نواز شریف کو لے کر یو اے ای سے روانہ ہوگا، خصوصی پرواز میں 152 افراد سوار ہوں گے، نواز شریف کے ہمراہ پارٹی کارکنان اور صحافی بھی پاکستان پہنچیں گے۔معلوم ہوا ہے کہ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف اس وقت جدہ میں موجود ہیں، انہوں نے گزشتہ روز عمرہ کی سعادت بھی حاصل کی ہے، نواز شریف جدہ میں شاہی خاندان کے اہم اراکین سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد وطن واپس آنے کیلئے لندن سے سعودی عرب پہنچے، سابق وزیراعظم نے اپنے رفقا کے ہمراہ سعودی ائیرلائن کی پرواز ایس وی 116 سے جدہ کا سفر کیا، ان کی یہ پرواز لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ سے روانہ ہوئی، سعودی ائیر لائن کی پرواز 4750 کلومیٹر سے زائد کا سفر 5 گھنٹے 27 منٹ میں طے کرکے مقامی وقت کے مطابق رات 12 بجے جدہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پہنچی۔
Comments are closed.