اسلام آباد(زورآور نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نوازشریف چوتھی مرتبہ بھی ہمارے وزیراعظم کے امیدوارہوں گے۔ وہ ہمیں الیکشن لڑوانے کیلئے آئے ہیں اور خود بھی الیکشن لڑیں گے۔ گرینڈ ڈائیلاگ الیکشن کے بعد ہونا چاہیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے سیاسی جماعتوں کو بھی بات کرنے کی دعوت دی ہے۔ نوازشریف کی تقریر کے تناظر میں ہم سب کو رائٹ سائیڈ پر ہونا چاہیے، اگر سب ملک کے رائٹ سائیڈ پر ہوں تو ساری چیزیں طے ہوسکتی ہیں۔ الیکشن کے بعد گومگو کی کیفیت ختم ہوگی۔ الیکشن مسائل کا حل ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دو نومبر کو سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو بلایا ہے۔ امید ہے کہ اسی دن وہ انتخابات سے متعلق کوئی تاریخ دے دے گا۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ ترازو کے پلڑے برابر ہونے سے ہی پاکستان بحرانوں سے نکلے گا، نواز شریف کی اپیلوں کی بحالی ناانصافی کے سیاہ دور کے دھبے دھونے کی طرف قدم ہے۔انہوں نے ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کے لئے تمام تعریف ہے جو ظلم مٹاتا، سچائی کو عیاں کرتا اور مظلوموں کی دستگیری فرماتا ہے۔ العزیزیہ اور ایون فیلڈ مقدمات میں ناحق سزاؤں کے خلاف قائد محمد نواز شریف کی اپیلوں کی بحالی ناانصافی کے سیاہ دور میں نظام عدل پر لگنے والے دھبے کو دھونے کی طرف ایک قدم ہے۔ حالات و واقعات اور ناقابل تردید شواہد ثابت کر چکے ہیں کہ کیسے پاناما سے اقامہ اور بیٹے سے تنخواہ کیوں نہ لی، کے تصور پر بلیک لاء ڈکشنری کی تشریح سزا بنا دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ میں قائد محمد نواز شریف، ان سے محبت کرنے والے عوام اور کارکنوں کو مبارک دیتا ہوں۔ انشاءاللہ فتح انصاف کی ہوگی، ترازو کے پلڑے برابر ہونے سے ہی پاکستان بحرانوں سے نکلے گا
Comments are closed.