شادی بچانے کیلئے شوبز چھوڑا لیکن ناکام رہی ، نازلی نصر

شادی بچانے کیلئے شوبز چھوڑا لیکن رشتہ برقرار نہ رہ سکا، نازلی نصر

اگر کوئی رشتہ کامیاب نہیں ہورہا تو اسے ختم کردینا چاہئے

کراچی

سینئر اداکارہ نازلی نصر نے اپنی نجی زندگی کی مشکلات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی شادی بچانے کیلئے شوبز چھوڑا، طویل جدوجہد کی لیکن رشتہ برقرار نہ رہ سکا، رشتہ نبھاتے نبھاتے 16 سال گزار دیئے۔

دھواں ڈرامہ سے شہرت پانے والی ٹیلی ویژن اداکارہ نازلی نصر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ محبت اور دولت دونوں زندگی کے انتہائی اہم جز ہیں، کیونکہ ان میں سے کسی ایک چیز کے بغیر بھی زندگی گزارنا بہت مشکل ہوجاتا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ وہ فطری طور پر بہت حساس ہیں، اسی لیے اکثر اوقات انہیں دھوکہ بھی ملا ہے، وہ یہی سوچتی رہتی ہیں کہ لوگ کیا سوچیں گے اور اسی وجہ سے اکثر انہیں اپنے شوہر سے ڈانٹ بھی پڑتی ہے کہ کیوں لوگوں کے بارے میں اتنا سوچتی ہو؟ وہ کرو جو تمہارا دل چاہتا ہے۔

نازلی نصر نے اپنی پہلی شادی کے ناکام تجربے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شادی سے پہلے شوبز میں کام کرنا چھوڑ دیا تھا اور شادی کے کچھ ماہ بعد ہی انہیں اندازہ ہوگیا تھا کہ یہ رشتہ انتہائی مشکل ہے اور معلوم نہیں کہ آگے کیا ہوگا، لیکن پھر بھی انہوں نے اسی رشتے میں سولہ سال گزار دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج انہیں احساس ہوتا ہے کہ انہوں نے اتنے سال کیوں لگا دیے، ان کا سب لڑکیوں کو یہی مشورہ ہے کہ اگر کوئی رشتہ کامیاب نہیں ہورہا اور دو لوگوں کی آپس میں کوئی مفاہمت نہیں تو اس رشتے کو ختم کر دینا چاہیے۔

ٹیلیویژن اداکارہ نے کہا کہ کسی بھی رشتے میں زبردستی وقت نہیں گزارنا چاہیے، کیونکہ اس سے آپ کی زندگی ختم ہوجاتی ہے، 16 سال ایک طویل عرصہ تھا، جس شادی کیلئے انہوں نے اپنا شوبز کیریئر چھوڑا وہی شادی کامیاب نہیں ہوسکی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شوبز سے وابستہ لوگوں کی جب شادیاں ناکام ہوتی ہیں تو انہیں بہت تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، خاص طور پر جب وہ دوسری شادی کرلیں تو اس قسم کے تبصرے کیے جاتے ہیں کہ پہلے تو یہ اس کی بیوی تھی اور اب اس کے ساتھ ہے۔

نازلی نصر کی پہلی شادی اداکار حسن سومرو سے ہوئی تھی، جس سے ان کے 2 بچے بھی ہیں، بعد ازاں اس رشتے کی ناکامی کے بعد انہوں نے ہدایت کار محسن مرزا سے دوسری شادی کرلی۔

اداکارہ نازلی نصر کے مشہور ڈراموں میں دھواں، میرے ہمدم میرے دوست، خواب نگر کی شاہ زادی، فراڈ، کفارہ اور مہرا شامل ہیں۔

Comments are closed.