نیو مری ، معروف صحافی ظفر سعید ستی فائرنگ سے جاں بحق ، دو ملزمان گرفتار، مقتول کا بھانجہ اور بھتیجہ شامل

نیو مری ، معروف صحافی ظفر سعید ستی فائرنگ سے جاں بحق ، دو ملزمان گرفتار، مقتول کا بھانجہ اور بھتیجہ شامل

نیو مری

شمشاد مانگٹ

مقامی صحافت کے سینئر اور معروف صحافی ظفر سعید ستی کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے انہیں دو گولیاں ماریں، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔

واقعے کے بعد پولیس نے فوری طور پر تحقیقات شروع کیں اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش کرتے ہوئے اہم پیشرفت حاصل کی۔ پولیس کے مطابق دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن میں مقتول کا بھانجہ اور بھتیجہ شامل ہیں۔

ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ واقعہ ممکنہ طور پر خاندانی تنازعے کا نتیجہ ہے۔ پولیس نے دونوں ملزمان سے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ واقعے میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتاریاں موبائل ڈیٹا اور جائے وقوعہ سے حاصل شواہد کی بنیاد پر عمل میں لائی گئیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں اور کیس کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

مقتول ظفر سعید ستی مقامی صحافت میں ایک معتبر نام تھے۔ وہ طویل عرصے سے علاقائی مسائل، عوامی شکایات اور سماجی مسائل کو اجاگر کرتے رہے۔ ان کے قتل کی خبر سے نہ صرف صحافتی برادری بلکہ پورے علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

مری پریس کلب، راولپنڈی یونین آف جرنلسٹس اور دیگر صحافتی تنظیموں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ظفر سعید ستی کا قتل آزادیٔ صحافت پر حملہ ہے۔ انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ کیس کو منطقی انجام تک پہنچا کر مقتول کے اہلِ خانہ کو انصاف فراہم کیا جائے۔

علاقہ مکینوں نے ظفر سعید ستی کو ایک شریف النفس، اصول پسند اور عوام دوست شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا قتل کمیونٹی کے لیے بڑا نقصان ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق کیس کی مزید تفصیلات جلد منظرِ عام پر لائی جائیں گی، جبکہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔

Comments are closed.