صحافیوں کے تعاون سے ملکی اور مقامی مسائل کے حل کیلئے مل جل کر جد و جہد کریں گے ،نومنتخب صدرفیصل آباد چیمبر

صحافیوں کے تعاون سے ملکی اور مقامی مسائل کے حل کیلئے مل جل کر جد و جہد کریں گے ،نومنتخب صدرفیصل آباد چیمبر

فیصل آباد

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب صدر فاروق یوسف شیخ نے صحافیوں سے اپنی پہلی باقاعدہ تعارفی تقریب کے دوران کہا کہ تاجر برادری کی طرح صحافی بھی ملکی معیشت کے اہم شراکت دار ہیں اور ہم مل کر صنعت و تجارت کے مسائل حل کرنے کے لیے کام کریں گے۔

فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر کی سب سے بڑی منتخب ٹریڈ باڈی کے طور پر، جہاں اس کی اہمیت بڑھتی ہے، وہاں اس کی ذمہ داریاں بھی بڑھ جاتی ہیں۔ شہر کی جامع ترقی اور مقامی مسائل کے حل کے لیے صحافیوں کے تعاون سے مشترکہ جد و جہد کی جائے گی۔

انہوں نے برآمدات کو بڑھانے کے لیے نئی منڈیاں تلاش کرنے کی بات کی، خاص طور پر افریقہ پر توجہ مرکوز کرنے کی تجویز دی۔ ساتھ ہی کہا کہ برآمدات کے حجم کو 100 ارب ڈالر تک پہنچانے کے لیے برآمد کنندگان اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں، تاہم اس کے لیے سیاسی استحکام، طویل المدتی پالیسیاں اور پیداواری لاگت میں کمی ضروری ہیں۔

فیصل آباد میں فیڈ مک اور ڈرائی پورٹ کی بہتری کے حوالے سے بھی اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ فیصل آباد سے براہ راست برآمدات بڑھیں۔

نوجوانوں کے لیے سمارٹ بزنسز اور ای کامرس جیسے کاروبار شروع کرنے کی ضرورت پر بھی بات کی، اور کہا کہ چیمبر شہر کی ترقی کے لیے اپنی جد و جہد جاری رکھے گا۔

فیصل آباد کے نئے کمشنر راجہ جہانگیر انور کی انتظامی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم مل کر شہر کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔

سیلاب زدگان کی مدد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ ہمیں بھی خود کو کوششیں کرنی ہوں گی اور چیمبر پہلے ہی متاثرین میں راشن پیک تقسیم کر رہا ہے۔

انہوں نے آخر میں کہا کہ اگر ملک کے تمام اہم ستون مل کر کام کریں تو آئی ایم ایف سے نجات ممکن ہو سکتی ہے اور حکومت کی پیداواری لاگت میں کمی کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔

Comments are closed.