کسی بھی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل سے روکنے کیلئے کوئی انتظامی احکامات جاری نہیں کئے،کاکڑ

اسلام آباد (زورآور نیوز) نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل سے روکنے کیلئے کوئی انتظامی احکامات جاری نہیں کئے گئے ۔اے پی پی کے مطابق انہوں نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کیلئے معاونت فراہم کرنے کی ذمہ داری پوری کریں گے، سیاسی جماعتوں نے انتخابی عمل کیلئے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا ہے، کسی بھی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل سے روکنے کیلئے کوئی انتظامی احکامات جاری نہیں کئے گئے، سابق حکومت نے انتخابات کے معاملے پر قانون سازی کی ہے اور انتخابات کرانے کا مینڈیٹ الیکشن کمیشن کو دیا ہے، نگراں حکومت انتخابی عمل میں الیکشن کمیشن کو اپنی معاونت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، سیاسی جماعتوں نے انتخابی سرگرمیوں میں حصہ لینا ہے اور اپنے امیدوار نامزد کرنے ہیں، ہمارا کام فنڈز کی فراہمی سمیت دیگر معاونت ہے۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف، آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان اور چیئرمین پی ٹی آئی بڑے سیاسی لیڈر ہیں جس سے کسی کو انکار نہیں، کوئی ایسا قانون اور انتظامی حکم نامہ نہیں جس کے تحت پی ٹی آئی کو انتخابات میں حصہ لینے سے روکا گیا ہو، الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ جماعت ہے اور اسے انتخابات میں حصہ لینے کا حق حاصل ہے، 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کے واقعات ہوئے جس کو عالمی اور قومی میڈیا میں دکھایا گیا جس کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کی گئی، ذمہ داروں کو گرفتار کیا گیا، اسے سیاسی عمل میں شمولیت پر قدغن سے نہیں جوڑا جا سکتا، صرف جنہوں نے قانون کی خلاف ورزی کی ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو رہی ہے، انتخابات کرانے کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے، آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ معاشی، سیاسی اور سکیورٹی چیلنجز موجود ہیں لیکن انتخابی عمل سے بھی گزرنا ہے۔

 

 

Comments are closed.