انکم ٹیکس ریٹرن 2025 میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو ٹیکس کا حصہ نہیں،ایف بی آر کی وضاحت
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
فیڈرل بورڈ آف ریونیو ایف بی آر نے انکم ٹیکس ریٹرن 2025 سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے وضاحت جاری کی ہے کہ انکم ٹیکس ریٹرن فارم میں کسی قسم کی نئی قانونی یا تکنیکی تبدیلی نہیں کی گئی
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ انکم ٹیکس ریٹرن فارم برائے سال 2025 کو سات جولائی 2025 کو ایف بی آر کی ویب سائٹ پر باقاعدہ طور پر شائع کیا گیا تھا اور اب تک کسی بھی نئے ایس آر او کے ذریعے اس میں کوئی ترمیم یا نئی شق شامل نہیں کی گئی
بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ ریٹرن فارم کے صفحہ 66 پر اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو درج کرنا لازم قرار دیا گیا ہے تاہم یہ اقدام صرف دستاویزی اور معلوماتی مقاصد کے لیے ہے ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ جائیداد یا دیگر اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو کا اندراج ٹیکس کے حساب و کتاب میں استعمال نہیں ہوگا ویلتھ اسٹیٹمنٹ کی ری کنسلیشن کا حصہ نہیں ہوگا اس پر کسی قسم کا ٹیکس نوٹس جاری نہیں کیا جائے گا
ایف بی آر کا مزید کہنا تھا کہ صاحب حیثیت افراد پہلے ہی شق 7ای کے تحت اپنی جائیداد اور اثاثے ظاہر کرتے آ رہے ہیں اور اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو کی معلومات ان ہی اصولوں کے تحت لی جا رہی ہیں
ایف بی آر کے مطابق کئی ٹیکس گزار افراد اپنی جائیداد کی مارکیٹ ویلیو کے خانے میں صفر درج کر رہے تھے جسے سسٹم نے روک دیا ہے تاہم ایف بی آر نے وضاحت کی ہے کہ اثاثوں کی مالیت کے تعین میں ٹیکس گزار کو مکمل صوابدید حاصل ہے لیکن توقع کی جا رہی ہے کہ لوگ اپنی جائیداد کی مالیت مارکیٹ ویلیو کے قریب ترین انداز میں ظاہر کریں گے
ایف بی آر نے ان افراد کو تسلی دی ہے جنہوں نے پہلے ہی انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروا دیا ہے کہ انہیں ریٹرن دوبارہ فائل کرنے کی ضرورت نہیں مارکیٹ ویلیو کی یہ نئی شمولیت ان کے گزشتہ فائل کردہ گوشواروں پر اثر انداز نہیں ہوگی
ترجمان ایف بی آر کے مطابق آئرس آن لائن سسٹم مکمل فعال اور درست طریقے سے کام کر رہا ہے لہٰذا تمام ٹیکس گزار افراد کو چاہیے کہ وہ بغیر کسی پریشانی کے اپنا انکم ٹیکس گوشوارہ جلد از جلد جمع کروائیں
ایف بی آر نے ایک اور اہم پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیکس نادہندگان کی اطلاع دینے والوں کی انعامی رقم کو پندرہ لاکھ روپے سے بڑھا کر پندرہ کروڑ روپے کرنے کی سفارش کی گئی ہے جس کا مقصد ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا اور غیر ظاہر شدہ دولت پر کنٹرول حاصل کرنا ہے
ایف بی آر نے اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ افراد جو بنگلوں مہنگی گاڑیوں زیورات اور پرتعیش طرزِ زندگی کی نمائش کرتے ہیں لیکن ٹیکس گوشواروں میں درست آمدن ظاہر نہیں کرتے ان کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے
یاد رکھیں انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2025 ہے ، ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کو تاکید کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غلط معلومات سے گمراہ نہ ہوں اور کسی بھی مسئلے کی صورت میں براہِ راست ایف بی آر کی ویب سائٹ یا ہیلپ لائن سے رابطہ کریں
Comments are closed.