اوگرا کی گیس کی قیمتوں میں اوسطا 8 فیصد تک کمی کی منظوری

اوگرا کی گیس کی قیمتوں میں اوسطا 8 فیصد تک کمی کی منظوری

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گیس کی قیمتوں میں اوسطا 8 فیصد تک کمی کی منظوری دے دی، اوگرانے فیصلہ منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا، سوئی گیس کمپنیوں نے قیمت میں 28.62 فیصد تک اضافہ مانگا تھا۔

اوگرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سوئی سدرن کے لیے گیس کی قیمتوں میں اوسطاً 8 فیصد اورسوئی ناردرن کے لیے گیس کی قیمتوں میں اوسطا 3 فیصد کمی کی منظوری دی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق اوگرا نے رواں مالی سال گیس کمپنیوں کی ریونیو ضروریات کے تحت فیصلہ کیا، اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایس این جی پی ایل کے لیے گیس کی قیمت 1804.08روپے اور ایس ایس جی سی کے لیےگیس کی قیمت 1549.41 روپے فی ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ ایس ایس جی سی نےگیس کی قیمت میں 22فیصد اضافے اورسوئی ناردرن نے28.62 فیصد گیس کی قیمت بڑھانے کی درخواست کی تھی۔

اوگرا اعلامیہ کے مطابق گیس کمپنیوں کے اخراجات اور آمدن کو بہتر بنا کر طلب کا از سر نو تعین کیا گیا، پی ایل ایل کے مؤخر شدہ کارگو کا اثر صارفین کے فائدے میں شامل کیا گیا۔

اوگرا نے کابینہ فیصلے کے مطابق ایس این جی پی ایل کے 13 ارب 56 کروڑ 50 لاکھ روپے اور ایس ایس جی سی ایل کے 47 ارب 31 کروڑ 50 لاکھ روپے ایڈجسٹ کرنے کی منظوری دی ہے۔

اوگرا کا کہنا ہے کہ کیٹیگری وار گیس قیمتوں کے لیے وفاقی حکومت سے مشاورت طلب کی گئی ہے،نئی قیمتوں کی منظوری کے بعد اوگرا نوٹیفکیشن جاری کرے گا،اس وقت تک موجودہ کیٹیگری وار گیس قیمتیں برقرار رہیں گی

Comments are closed.