اسلام آباد میں آوارہ کتوں کے خلاف آپریشنز تیز، 550 سے زائد کتے محفوظ مراکز منتقل

اسلام آباد میں آوارہ کتوں کے خلاف آپریشنز تیز، 550 سے زائد کتے محفوظ مراکز منتقل

اسلام آباد

ولی الرحمن

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور میونسپل کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) نے دارالحکومت میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی شکایات کے ازالے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ اس ضمن میں دونوں اداروں کی مشترکہ ٹیمیں فعال آپریشنز کر رہی ہیں تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کو جلد از جلد حل کیا جا سکے۔

عوامی شکایات کے اندراج اور ازالے کے عمل کو مزید موثر بنانے کے لیے ہیلپ لائن نمبر 1334 کو مکمل فعال کر دیا گیا ہے، جو اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں سے 24 گھنٹے شکایات وصول کرتا ہے۔ ایم سی آئی انتظامیہ نے بتایا کہ آوارہ کتوں کی نگرانی اور کنٹرول کے لیے ترامڑی میں واقع اسٹرے ڈاگ سینٹر کے ذریعے بہتر انتظامات کیے گئے ہیں۔

آوارہ کتوں کو پکڑنے، نسبندی، حفاظتی ٹیکے لگانے اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے “ٹی این وی آر” (ٹریک، نیوٹراسائز، ویکسینیٹ، ریلیز) طریقہ کار اختیار کیا جا رہا ہے۔ جولائی سے ستمبر 2025 کے دوران اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز جیسے G-14، D-12، F-6، F-7، I-9، I-10، G-10، F-11، اور دیہی علاقوں جیسے سیدپور، مارگلہ ٹاؤن، بارہ کہو، ریڈ زون سمیت دیگر مقامات سے سیکڑوں شکایات پر کارروائی کی گئی ہے۔

ایم سی آئی کے ریکارڈ کے مطابق اس عرصے میں مجموعی طور پر 550 سے زائد آوارہ کتوں کو اسٹرے ڈاگ سینٹر میں منتقل کیا جا چکا ہے۔ انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ شکایات کے فوری ازالے کو ہر صورت ممکن بنایا جا رہا ہے اور شہری مزید شکایات کے لیے ہیلپ لائن 1334 یا ڈی سی آفس پورٹل کا سہارا لے سکتے ہیں۔

یہ اقدامات اسلام آباد کو آوارہ کتوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل سے محفوظ بنانے اور شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔

Comments are closed.