خیبرپختونخوا ،بنوں ریجن کے مختلف علاقوں میں آپریشنز ،فتنۃ الخوارج کے 3 اہم کمانڈرز سمیت 17 دہشتگرد ہلاک ، درجنوں زخمی

خیبرپختونخوا ،بنوں ریجن کے مختلف علاقوں میں آپریشنز ،فتنۃ الخوارج کے 3 اہم کمانڈرز سمیت 17 دہشتگرد ہلاک ، درجنوں زخمی

پشاور

خیبرپختونخوا کے بنوں ریجن کے مختلف علاقوں میں آپریشنز کے دوران فتنۃ الخوارج کے 3 اہم کمانڈرز سمیت 17 دہشتگرد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس ( آئی جی پی) خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق آپریشنز میں پولیس اور فورسز کے اہلکاروں کی بڑی تعداد محفوظ رہی، اہل علاقہ نے بھرپور تعاون کیا، ہلاک دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولا بارود برآمد ہوا، مرنے والوں میں دہشتگردوں کے 3 اہم کمانڈرز بھی شامل ہیں۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے بتایا کہ پولیس اور فورسز نے شیری خیل، پکہ پہاڑ خیل میں فتنۃ الخوارج کے جتھوں کی موجودگی پر آپریشن کیا، لکی پولیس، سی ٹی ڈی بنوں اور سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 10 دہشتگرد ہلاک، 5 زخمی ہوئے اور سہولت کار گرفتار کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب بنوں پولیس، سی ٹی ڈی اور فورسز کی کمک میں 8 گھنٹے طویل آپریشن میں 6 خوارج ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

آئی جی پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشن پر شاباش دی، اور کہا کہ خیبرپختونخوا کی مٹی کو فتنے سے پاک کریں گے، دہشت گردوں کا ان کی خفیہ پناہ گاہوں تک پیچھا کیا جائے گا، آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع بنوں مین آبشار چوک پر گھی کے ڈبے میں نصب 10 کلو وزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا ہے، بارودی مواد ناکارہ بناکر شہر کو بڑے سانحے سے بچا لیاگیا۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) سجاد خان نے بتایا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بروقت کارروائی کرکے بارودی مواد ناکارہ بنایا، ورنہ خدانخواستہ بنوں میں بڑی تباہی پھیل سکتی تھی۔

Comments are closed.