پاکستان اور روس کے درمیان میڈیا، سیاحت اور ثقافت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے پاکستان میں روسی سفیر البرٹ پی خوروف کی ملاقات

پاکستان اور روس کے درمیان میڈیا، سیاحت اور ثقافت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے پاکستان میں روسی سفیر البرٹ پی خوروف نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، میڈیا تعاون، شمالی علاقہ جات کی سیاحت اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ سمیت کئی اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی اور روسی نیوز ایجنسی سپوتنک کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (MoU) پر غور کیا گیا، جب کہ پی ٹی وی ورلڈ اور رشین ٹی وی کے درمیان تعاون کے معاہدے کو حتمی شکل دینے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے میڈیا اداروں کے درمیان معلوماتی تبادلہ، مشترکہ پروگرامز اور پیشہ ورانہ تربیت کو فروغ دینا ہے۔

فریقین نے ڈیجیٹل انفلوئنسرز اور یوتھ ڈیلیگیشنز کے تبادلوں پر بھی بات چیت کی، تاکہ عوامی سطح پر تعلقات کو مضبوط کیا جا سکے اور نوجوان نسل کو بین الاقوامی تجربات سے روشناس کروایا جا سکے۔

روسی سفیر البرٹ خوروف نے پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی قدرتی خوبصورتی اور سیاحتی صلاحیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ “پاکستان کے سیاحتی مقامات روسی سیاحوں کے لیے نہایت پرکشش ہیں، اور دونوں ممالک کو چاہیے کہ وہ ان مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سیاحتی روابط کو عملی شراکت داری میں تبدیل کریں۔”

ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور روس میڈیا، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے، تاکہ دوطرفہ تعلقات کو عوامی سطح پر وسعت دی جا سکے۔

یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان عالمی سطح پر ثقافتی سفارتکاری اور میڈیا شراکت داری کو فعال کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے، اور روس جیسے اہم شراکت دار کے ساتھ تعلقات کو وسیع البنیاد تعاون میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔

Comments are closed.