دوسرا ون ڈے میچ ،پاکستان کی سری لنکا کو 8وکٹ سے شکست ،تین میچوں کی سیریز پاکستان کے نام

دوسرا ون ڈے میچ ،پاکستان کی سری لنکا کو 8وکٹ سے شکست ،تین میچوں کی سیریز پاکستان کے نام

راولپنڈی

ولی الرحمن

دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 8وکٹ سے شکست دیدی ، تین میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی۔ گرین شرٹس نے 289 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر 49ویں اوور میں بآسانی حاصل کر لیا، بابر اعظم شاندار سینچری پر مین آف دی میچ قرار پائے۔

پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے تھے۔ مہمان ٹیم کی جانب سے جینتھ لیانگے 54، کمندو مینڈس 44، سدیرا سماراوکرما 42 اور ونندو ہاسارنگا نے 37 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے حارث روف اور ابرار احمد نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد وسیم نےایک آوٹ کیا۔جواب میں بابر اعظم کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے49ویں اوور میں اسکور دو وکٹوں پر پورا کرلیا۔بابر اعظم نے 102 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جو ان کے ایک روزہ کیریئر کی 20ویں سنچری ہے۔جوانہوں نے 83ون ڈے میچوں کے بعد بنائی۔ اوپنر فخر زمان نے 78، محمد رضوان نے 51 جبکہ صائم ایوب نے 33 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ سری لنکا کی جانب سے دشمنتھا چیمیرا نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 16 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم کی کمان آج شاہین آفریدی کی جگہ سلمان علی آغا کے ہاتھوں میں ہے ، قومی ٹیم میں دوتبدیلیاں کی گئی ہیں، شاہین آفریدی اور فہیم اشرف کو آرام دیا گیا تھا ، ان کی جگہ وسیم جونیئر اور ابراراحمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستانی ٹیم آج سلما علی آغا (کپتان)، فخر زمان، صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، حسین طلعت، محمد نواز، وسیم جونیئر، حارث روف، نسیم شاہ اور ابرار احمد پر مشتمل تھی۔

میزبان سری لنکا کی ٹیم میں پاتھم نسانکا، کامل مشارا، کوشال مینڈس، سدیرا سماراوکرما، کیرتھ اسالنکا، جینتھ لیانیج، کمینڈو مینڈس، وانندو ہاسارنگا، پرمود مدوشان، دشمنتھا چمیرا اور اسیتھا فرنینڈو شامل ہیں

خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ گزشتہ روز کھیلا جانا تھا مگر سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر میچ کو ری شیڈول کیا گیا تھا۔آج بھی پاکستان اور سری لنکا کے مابین دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے بتایا کہ راولپنڈی پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے مزید سخت اقدامات کیے گئے ہیں، فیض آباد سے ڈبل روڈ ٹرن تک سٹیڈیم و روٹ کے گرد ہوٹلز بند رکھوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ہاسٹلز کی ٹیکنیکل سوئیپنگ کرکے رہاہشیوں کی از سر نو تصدیق کی گئی۔ریڑھی بانوں و فروٹ اور اشیائ خورد و نوش کے ٹھیلوں پر بھی میچ کے اختتام تک پابندی عائد کردی گئی ہے، فیض آباد سے ڈبل روڈ ٹرن و سٹیڈیم کے گرد و نواح میں ہوٹلز و عمارتوں کے مالکان اور رہائشیوں سے پابندی پر عملدرآمد کے بانڈز بھی لیے جارہے ہیں

Comments are closed.